ضلع پلوامہ میں کورونا وائرس کے کیسوں میں کمی | آنے والے10روزمزید محتاط رہنے کی ضرورت:ڈپٹی کمشنر

پلوامہ//ڈپٹی کمشنر پلوامہ چودھری بصیر الحق نے منگل کو ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ضلع میں کورونا وائرس کے کیسوں میں کمی آئی ہے جبکہ شفایاب ہونے والے افراد کی شرح میں اضافہ ہوا ہے ۔انہوں نے عوام سے آنے والے دس روزمیں مزید محتاط رہنے کی اپیل کی تاکہ ضلع کو مکمل طور اس وائرس سے بچایا جائے ۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع میں لاک ڈائون اور سخت کرفیوکی وجہ سے مثبت کیسوں میں کمی واقع ہونے کے ساتھ ساتھ شفایاب ہونے والے کیسوں میں بھی بہتری درج ہوئی ہے جبکہ شرح اموات میں بھی کمی درج ہوئی ہے جو ضلع کے عوام کے لئے ایک اچھی خبر ہے ۔انہوں نے کہا ’’ لاک ڈائون کرنے ،آپ کی دکانیں کوسیل کر نا ،گاڑیوں کو ضبط کرنا ،جرمانہ کرنے میں مجھے کوئی خوشی نہیں ہورہی ہے بلکہ مجھے آپ سے زیادہ آپ کی جان عزیز ہے جو قیمتی ہے‘‘۔انہوں نے بتایا کہ آنے والے دس دنوں میں مزید محتاط رہنے کی ضرورت ہے تاکہ ضلع کو اس وبا سے آزاد کیا جائے ۔انہوں نے ضلع کے عوام سے پھر ایک بار اپیل کی کہ وہ آنے والے دس روز میں مزید اپنا تعاون دیں ۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ اس وقت ضلع میں2800کیس موجود ہیں جبکہ شفا یابی کی شرح 80فیصدتک بڑ گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ دن سے بہتری آرہی ہے ۔