ضلع صدر مقام ڈوڈہ میں صحت و صفائی کا فقدان | مقامی لوگ محکمہ بلدیہ و انتظامیہ کی عدم توجہی پر برہم

ڈوڈہ //ضلع صدر مقام ڈوڈہ میں صحت و صفائی کے فقدان پر مقامی لوگوں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ و محکمہ بلدیہ کی عدم توجہی سے نکاسی نظام غیر فعال ہو چکا ہے جبکہ جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر پڑے ہوئے ہیں۔مقامی تاجر اجے شرما نے ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ کے دفتر و اے آر ٹی او دفتر کے متصل کوڑا کرکٹ جمع رہنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چوبیس گھنٹے انتظامیہ کے اہلکاروں کا گذر ہوتا ہے لیکن کسی نے اس طرف کوئی دھیان نہیں دیا۔انہوں نے کہا کہ گندگی کے ڈھیر جمع رہنے سے عام راہگیروں کو بھی چلنے میں کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور نکاسی نظام غیر فعال رہنے سے گھروں کا پانی سڑک کا رخ اختیار کرتا ہے جس سے مقامی لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف 'سوچھ بھارت ابھیان' کے نام پر لاکھوں روپے ہڑپ کئے جاتے ہیں تو دوسری طرف ضلع صدر مقام پر صفائی کا فقدان ہے۔ پردیپ سنگھ نامی ایک سماجی کارکن نے کہا کہ کوڑا کرکٹ و گھروں کا پانی سڑک پر رہنے سے جہاں آس پاس کے کاروباری مراکز متاثر ہوتے ہیں وہیں بد بو پھیلنے سے راہگیروں کو چلنے دقتوں کا سامنا رہتا ہے۔انہوں نے ضلع انتظامیہ سے نکاسی نظام کی مرمت کرنے و صحت و صفائی لئے متعلقہ اداروں کو جوابدہ بنانے کا مطالبہ کیا ہے.