بانہال // محکمہ تعلیم میں 6 سال سے زائد کا عرصہ مکمل کرنے کے باوجود ضلع رام بن کے درجنوں رہبرِ تعلیم ٹیچر اپنی مستقلی کے حکمناموں کے منتظر ہیں اور مستقلی کیلئے مقررہ پانچ سال کے بجائے چھ سال کا عرصہ مکمل ہونے کے باوجود اِن رہبر تعلیم ٹیچروں کو مستقیل کرنے میں کی محکمہ تعلیم کی طرف سے کی جارہی تاخیر نے ان رہبر تعلیم ٹیچروں کو متفکر کر رکھا ہے ۔ ضلع رام بن کے بانہال ، کھڑی ، اکڑال پوگل پرستان، رام بن ، گول اور بٹوٹ کے 6 تعلیمی زونوں سے تعلق رکھنے والے رہبر تعلیم ٹیچروں کے ایک وفد نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ ضلع رام بن میں پچاس کے قریب رہبر تعلیم ٹیچروں کی فائلیں پچھلے چھ ماہ سے مستقلی کیلئے چیف ایجوکیشن آفس رام بن اور زونل ایجوکیشن دفتروں سے ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن جموں کو روانہ کی گئی ہیں لیکن اب چھ سال کا عرصہ بطور رہبر تعلیم ٹیچر مکمل کرنے باوجود بھی محکمہ تعلیم کی طرف سے مستقلی کے حکمنامے جاری نہیں کئے گئے ہیں اور اس میں مسلسل تاخیر اور بہانہ بازی کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری نوکریاں نہ ملنے کے بعد بیشتر اعلی تعلیم یافتہ بیروزگار نوجوانوں نے مقامی سطح پر قائم سرکاری سکولوں میں بطور رہبر تعلیم ٹیچر بھرتی ہوکر اپنے مستقبل کے تانے بانے اسی محکمے سے جوڑے ہیں اور اب اس پیشے سے تعلق رکھنے والے افراد کو خوامخواہ تنگ اور نظر انداز کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرکار کی طرف سے پانچ سال کی مقررہ معیاد مکمل کرنے کے بعد ضلع رام بن کے رہبر تعلیم ٹیچروں کی مستقلی میں محکمہ تعلیم کی عدم دلچسپی اور آنا کانی نے ضلع رام بن کے رہبر تعلیم ٹیچروں اور ان کے کنبوں کو بے چینی اور مشکلات میں ڈال دیا ہے کیونکہ تمام رہبر تعلیم ٹیچروں نے سخت ترین مالی حالات کے باوجود تین ہزار روپے ماہوار کے مشاہرے پراپنے فرائض کو ہمیشہ خوش اسلوبی سے انجام دیا ہے اور پہاڑی اور دور دراز کے علاقوں میں نظام تعلیم کو سرکاری سکولوں میں زندہ رکھنے میں کلیدی اور اہم رول ادا کیا ہے۔ مستقلی کیلئے محکمہ تعلیم کے دفتروں میں پڑی ان فائلوں کے ساتھ مستقل ہونے والے امیدواروں کی اصلی اسناد بھی لگی ہوئی ہیں، کاغذی لوازمات اور اسناد کے ساتھ مکمل کی گئی فائلیں چیف ایجوکیشن آفیسر رام بن کے دفتر میں جمع کی گئی ہیں اور وہاں سے انہیں ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن جموں کے دفتر منظوری کیلئے بھیجا گیا ہے جہاں ابھی بھی بعض فائلیں نظر منظوری کیلئے پڑی ہوئی ہیں جبکہ کئی افراد کی مستقبل کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ اس بارے میں محکمہ تعلیم کے ایک افسر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ رہبر تعلیم اسکیم اب ہرسطح پر بند کی گئی ہے تاہم پانچ سال کا عرصہ مکمل کرنے والے رہبر تعلیم ٹیچروں کی فائلیں کراس چیک کے بعد مستقلی کیلئے ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن جموں کے دفتر کو روانہ کی گئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مستقلی کیلئے موصول ہوئی تمام فائیلوں میں سے بعض نا مکمل فائلوں کو اوبجیکشن لگا کر واپس کیا گیا ہے تاکہ درستگی کی جاسکے،یہ فائلیں طے شدہ قانونی ضابطے اور قواعدِ کے تحت آگے بڑھ رہی ہیں اور بیشتر کومستقل کیا گیا ہے۔