بانہال// ضلع رام بن میں مختلف رضاکار انجمنوں کے ساتھ کام کرنے والے ایک سو کے قریب رضاکار اپنی جان جوکھم میں ڈال کر عام لوگوں خاص کر جموں سرینگر سڑک کے مسافروں کیلئے خدائی مددگار کے طور اپنا کام انتظامیہ کے شانہ بشانہ انجام دیتے آرہے ہیں۔ پچھلے پچیس تیس برسوں سے شاہراہ پر بچاؤ کاروائیوں میں ضلع رام بن کے رام بن ،ڈگڈول ، مکرکوٹ، رامسو اور بانہال کے مقامی لوگ اور رضاکار ہمیشہ ہی پیش پیش رہتے آئے ہیں اور وقت کے ساتھ ساتھ یہ رضاکار منظم ہوئے اور کئی رضاکار انجمنوں کے ساتھ جڑ کر عوام کی راحت کے کام میں جٹے ہوئے ہیں۔ ضلع رام بن کے تمام ہی رضاکار ہمیشہ ہی سرکاری مشینری اور ضلع اور تحصیل انتظامیہ کے کندھے سے کندھا ملا کر اور اپنی جان ہتھیلی پر رکھکر ناشری اور جواہر ٹنل کے درمیان رونما ہونے والے سڑک اور دریائے چناب کے حادثات میں بے مشال کام انجام دیتے آرہے ہیں اور کے اعتراف میں انہیں بار بار سرکاری تقاریب میں نہ صرف اعزازات سے نوازہ جاتا ہے بلکہ انہیں عوامی پذیرائی بھی حاصل ہے۔ ان رضاکاروں کو سرکار سے کوئی مالی مدد یا معاونت نہیں ملتی بلکہ یہ اپنا مال اور اپنی جان کے محاورے کے مترادف رضائی اللہ کیلئے مسافروں اور مشکلات سے دوچار لوگوں کی مدد کیلئے ہمیشہ ہی تیار رہتے ہیں اور خبر ملتے ہی مختلف انجمنوں کے نزدیکی علاقے کے رضاکار بچاؤ کاروائیوں کے اپنے مشن کیلئے سڑکوں پر نکل جاتے ہیں۔ ایسا ایک واقع منگل کی رات شاہراہ کے شیطان نالہ کے سنسان سیکٹر میں پیش آیا جہاں نوگام سے تعلق رکھنے والے رضاکاروں کی بروقت کاروائی سے ایک بیمار ٹرک ڈرائیور کو فوری طبی امداد پہنچائی گئی۔بانہال کے نوگام علاقے میں اچانک بیمار ہوئے ٹرک ڈرائیور کو نوگام والنٹیئرز اور وائس بانہال کے رضاکاروں کی مشترکہ بچاؤ کاروائی کے بعد طبی مدد پہنچائی گئی اور اچانک تکلیف کی وجہ سے سڑک کے کنارے کھڑے ٹرک ڈرائیور کو افاقہ ہونے کے بعد جموں کی طرف روانہ کیا گیا۔ یہ ٹرک ڈرائیور جوگندر سنگھ ساکنہ جموں وادی کشمیر سے جموں کی طرف آرہا تھا۔منگل کی رات دس بجے تراویح سے فارغ ہوتے ہی نوگام سے تعلق رکھنے والے رضاکاروں کو ایک فون کال سے پتہ چلا کہ نوگام اور آرمی کیمپ چکور نالہ کے درمیان شاہراہ پر ایک ٹرک ڈرائیور اچانک تکلیف کی وجہ سے ٹرک کھڑا کرکے سڑک کنارے رک گیا ہے اور فوری طبی امداد چاہتا ہے۔ یہ اطلاع ملتے ہی وائس آف بانہال اور نوگام والنٹیئرز سے تعلق رکھنے والے نوگام کے مقامی رضاکار متحرک ہوئے اور انہوں نے ٹریفک جام کی وجہ سے ساتھ لائی گاڑی کو راستے میں ہی چھوڑ کر پیدل چل کر ہی اس ڈرائیور تک رسائی حاصل کی اور بیس منٹ کے اندر اندر اپنے ساتھ لائے میڈیکل اسسٹنٹ نے بیمار اور اکیلے ٹرک ڈرائیور کا چیک اپ کیا اور اسے فوری طبی امداد دی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ پیٹ میں شدید گیس کی وجہ سے ڈرائیور کے دل پر دباؤ کی کیفیت طاری ہوئی تھی اور تمام کووڈانیس رہنما اصولوں کے تحت سے رضاکار وہاں پہنچے اور اسے ضروری ادویات دی گئیں اور اس کے ٹھیک ہونے اور اسے جموں کی طرف روانہ کرنے تک رضاکاروں کی یہ ٹیم موقع پر ہی موجود رہی۔ ڈرائیور جوگندر سنگھ تک فوری طبی امداد پہنچانے والی رضاکاروں کی یہ ٹیم عارف محمد تانترے ، اصغر رسول ( وائس آف بانہال ) ، ایجاز احمد میر میڈیکل اسسٹنٹ ، محمد طاہر ایتو اور شبیر احمد وانی دکاندار (نوگام والنٹیٹرز ) پر مشتمل تھی۔ ڈرائیور جوگندر سنگھ ساکنہ آر پورہ جموں نے منگل کی رات بارہ بجے فون پر کشمیر عظمی کو بتایا کہ ٹنل پار کرتے ہی اس کا سر چرانے لگا اور بعد میں دل پر شدید دباؤ بڑھنے لگا جس کی وجہ سے اس سے گاڑی چلانا نا ممکن ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ جب میری حالت خراب ہوئی تو میں نے جواہر پار کرنے کے بعد نوگام موڑ سے پہلے پہلے گاڑی کو سڑک کے کنارے روک دیا اور اپنی بیٹی کو جموں فون کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی بیٹی نے بٹوٹ سے تعلق رکھنے والی ہم جماعت لڑکی سے یہ بات شیئر کی اور اس کے والد کی مدد سے یہ بات بانہال میں میڈیا اور وہاں سے رضاکاروں اور پولیس تک پہنچ گئی۔ انہوں نے کہا کہ وہ نوگام سے آئے مددگاروں اور بانہال پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رضاکاروں کی طرف سے ادویات دینے کے بعد میری حالت بہتر ہوئی اور میں منگل کی رات بارہ بجے ٹریفک جام کے بیچ بانہال قصبہ پار کرکے اپنے گھر جموں کی طرف بڑھ رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وہ بانہال میں اللہ کے ان بندوں کی فوری مدد کو کبھی فراموش نہیں کرینگے اور ان کی انسانیت اور انسان دوستی کی وجہ سے اس ویران سڑک پر میری مدد کرکے مجھے پیچیدگی سے بچایا۔ اس دوران ڈرائیور کی مدد کیلئے ایس ایچ او بانہال نعیم الحق متو کی ہدایت پر انچارج جواہر ٹنل ٹھٹھاڑ پولیس پوسٹ سمیر احمد بھی پولیس ٹیم کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور ڈرائیور کی بہتر صورتحال کے پیش اسے ہسپتال لیجانے کی نوبت نہ آئی اور بہتر ہونے کے بعد اسے جموں کی طرف جانے کی اجازت دی گئی۔
ضلع رام بن کے رضاکار کسی تشہیر کے بغیر خدمت خلق میں محو
