محمد تسکین
بانہال //جموں و کشمیر کے باقی حصوں کی طرح ضلع رام بن کی تمام مساجد میں شب قدر میں شب خوانی کی تقریبات کو مذہبی عقیدت و احترام و انکساری کے ساتھ کے ساتھ منایا گیا اور ضلع رام بن کی مساجد مساجد میں شب خوانی کے روح پرور مناظر دیکھنے کو ملے۔ بیشتر مساجد میں شب خوانی میں شریک نمازیوں کیلئے کھانے پینے اور سحری کے انتظامات رکھے گئے تھے۔ مساجد سے اللہ رب العزت کے دربار آہ و گزاری اور درود و ازکارِ کی روح پرور صدائیں اور اجتماعات منگل کی صبح صادق تک جاری رہے ۔ مرکزی جامع مسجد بانہال میں روزہ داروں کیلئے افطاری کا سلسلہ پچھلے کئی برسوںکی طرح اس سال بھی جاری ہے اور روانہ کی بنیادوں پر عام اور مسافر روزہ داروں کیلئے افطاری اور کھانے کا انتظام ہوتا ہے جبکہ جامع مسجد عیدگاہ بانہال میں شب قدر کی مناسبت سے سینکڑوں شرکا کیلئے افطاری اور سحری کے انتظامات رکھے گئے تھے ۔ ان اجتماعات میں مسلمانوں نے اپنے گناہوں کی بخشش اور مغفرت کے ساتھ ساتھ ملک اور جموں و کشمیر میں امن و امان کے لئے اللہ کے حضور خصوصی دعائیں کیں ۔