ضلع راجوری میں لائبریریوں کا قیام خوش آئند

تھنہ منڈی// ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری کی طرف سے لڑکوں اور لڑکیوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے لئے لائبریری و کونسلگ سنٹر کے قیام کو خوش آئند قدم قرار دیتے ہوئے مقامی لوگوں نے مانگ کی ہے کہ تھنہ منڈی میں بھی لائبریری کا قیام عمل میں لایاجائے تاکہ یہاں کے طلباء کو بھی تعلیم کے ساتھ ساتھ مسابقتی امتحانات میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے پڑھائی کا موقعہ مل سکے۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ گو کہ تھنہ منڈی میں سرکار کی طرف سے لائبریری کھولی گئی ہے تاہم اس کی عمارت نہ ہونے کی وجہ سے طلاب کو جدید سہولت فراہم نہیں۔ان کاکہناہے کہ ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری نے قابل سراہنا اقدام کرتے ہوئے ضلع صدر مقام کی لائبریری کو فعال بناکرمختصر عرصہ میں عمارت تعمیر کرکے اسے طلباء کیلئے کھول دیاہے جبکہ قبل ازیں لڑکیوں کیلئے بھی ایسی ہی لائبریری رواں سال کے اوائل میں قائم کی گئی تھی ۔ تھنہ منڈی کی غیر سرکاری، ادبی اور علمی تنظیموں نے ضلع انتظامیہ راجوری سے مطالبہ کیاہے کہ تھنہ منڈی کے لڑکوں اور لڑکیوں کو تعلیم کی طرف راغب کرنے کے لئے عمارت تعمیر کر کے کونسلنگ سنٹر قائم کیا جائے جو ایک بہت بڑا اقدام ہوگا۔