ضلع ترقیاتی کونسل چیرمینوں کا انتخاب20روز میں مکمل ہوگا

جموں//ضلع ترقیاتی کونسل نشستوں کو مخصوص رکھنے کے مسودہ کے خلاف داخل کئے گئے اعتراضات میں کوئی وزن نہ پانے کے بعد سٹیٹ الیکشن کمیشن نے ضلع ترقیاتی کونسل چیئرمینوں کے عہدوں کیلئے انتخابات کو 20روز میں مکمل کرنیکا فیصلہ کیا ہے۔اس ضمن میں پیر کی شام دیر گئے جموں کشمیر کے 4ضلع ترقیاتی کمشنروں نے چیئر مین یا ڈپٹی چیئر مینوں کے انتخابات کیلئے نوٹیفکیشن جاری کردی ہے،جہاں 6فروری کو چنائو عمل میں لایا جائیگا ۔ ان اضلاع میں جموں،کھٹوعہ، شوپیان اور کولگام شامل ہیں۔ نوٹیفکیشنوں میں بتایا گیا ہے کہ جموں، کھٹوعہ، شوپیان اور کولگام اضلاع میں ضلع ترقیاتی کمشنر 6فروری کو انتخابات عمل میں لائیں گے جبکہ دیگر اضلاع میں 10فروری یا 20فروری سے قبل اس عمل کو مکمل کیا جائیگا۔چف الیکشن کمشنر کے کے شرما نے کہا’’ جموں، کٹھوعہ، شوپیان اور کولگام کے ضلع ترقیاتی کمشنروں کی جانب سے انتخابی نو ٹیفکیشن جاری کردی گئی ہے‘‘۔ انکا کہنا تھا’’ انتخابی عمل 20روز میں پورا کرنا لازمی ہوگا‘‘۔یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے خواتین کیلئے چھ چیئرپرسنوں کی نشستیں مخصوص رکھی ہیں جن میں ایک پونچھ ضلع میں درجہ فہرست ذات کی خاتون کیلئے بھی شامل ہے،دونشستیںدرج فہرست قبائل اور2درج فہرست ذات کیلئے مخصوص اور 10 اوپن میرٹ میں رکھی گئی ہیں۔ بانڈی پورہ،بڈگام،ڈوڈہ،کھٹوعہ،کولگام،پلوامہ،ریاسی،سانبہ،اور سرینگر میں ضلع ترقیاتی کونسل چیئرمینوں کی نشستیں اوپن میرٹ سے پر کی جائیں گی۔جبکہ بارہ مولہ،گاندربل،کشتواڑ،رام بن اورشوپیان کی ضلع ترقیاتی کونسل چیئر پرسن نشستیں خواتین کیلئے مخصوص رکھی گئی ہیں جن میں پونچھ کی ایک نشست بھی شامل ہے جو درج فہرست ذات سے تعلق رکھنے والی خاتون کیلئے مخصوص رکھی گئی ہے ۔اننت ناگ اور راجوری کی نشستیں درج فہرست قبائل کیلئے مخصوص رکھی گئی ہیں جبکہ جموں اور ادھمپور کی سیٹیں درج فہرست ذات سے تعلق رکھنے والوں کیلئے مخصوص ہوں گی۔واضح رہے کہمختلف زمروں میںضلع ترقیاتی کونسل چیئرمینوں کی نشستیں مخصوص رکھنے کے مسودہ کے شائع ہونے کے بعد اس کے خلاف اعتراضات داخل کرنے کی آخری تاریخ 30جنوری2021مقرر کی گئی تھی ۔اسٹیٹ الیکشن کمشنرکے کے شرما کے مطابق ،’’کچھ اعتراضات معینہ مدت کے اندر الیکشن کمیشن کو موصول ہوئے ۔اس اعتراضات کو قواعد وضوابط اورحقائق کی روشنی میں پرکھا گیا ، کسی بھی اعتراض میں کوئی وزن نہیں تھا۔25جنوری2021کو جاری کئے گئے ریزرویشن مسودہ میں کوئی بے ضابطگی یاضعف نہیں پایا گیا۔اس لئے الیکشن حکام جموں کشمیرضلع کونسل (ریزرویشن آف چیئر پرسنز) ضوابط2021 کے تحت ضلع ترقیاتی کونسل چیئرپرسنوں کی نشستیں درجہ فہرست ذات وقبائل اورخواتین کیلئے مرکزی زیرانتظام علاقہ میں مخصوص کرتی ہیںجوہائی کورٹ میں زیرالتواء کسی عرضی پر فیصلہ کے نتائج پر منحصر ہوگا۔