ضلع ترقیاتی کونسل چیئرمینوں کیلئے خواتین کے ریزرویشن روسٹر میں تبدیلی

 جموں // خواتین کیلئے ضلع ترقیاتی کونسل چیئرپرسنوں کے ریزرویشن روسٹر میں تبدیلی کرنے پر جموں کشمیر ہائی کورٹ نے مرکزی زیرانتظام علاقہ کی انتظامیہ کو نوٹس جاری کرکے 27جنوری تک یاا س سے قبل جواب داخل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ جموں کشمیر حکومت کی طرف سے 11جنوری کو ضلع ترقیاتی کونسل چیئرپرسنوں کے عہدوں کیلئے ریزرویشن قواعد جاری کئے ،کانگریس نے ضلع ترقیاتی کونسل چیئرپرسنوں کے لئے خواتین کے ریزرویشن روسٹر میں تبدیلی پرسوال اُٹھایا اور کہا کہ یہ لوگوں کے منڈیٹ کوشکست دینے اور نتائج سے چھیڑ چھاڑکرنے کی کوشش ہے ۔  کانگریس کے ضلع ترقیاتی کونسل ممبر ندیم شریف نیاز اوردیگرمنتخب ممبران کی عرضی پرجمعہ کو جموں کشمیر ہائی کورٹ نے حکم جاری کیااورجسٹس رجنیشن اوسوال نے یوٹی حکومت کے علاوہ اسٹیٹ الیکشن کمیشن کو ہدایت دی کی وہ اگلی تاریخ یعنی27جنوری سے قبل اپنا جواب داخل کرے۔عدالت نے رجسٹری کو بھی حکم دیا کہ وہ اس کیس کو کازلسٹ میں پہلے دس کیسوں میں رکھے اورکہا کہ اعتراض کی صورت میں ریسپانڈنٹ نمبر4(الیکشن کمیشن ) کی کوئی بھی کارروائی عدالت کے مزیداحکامات کے تحت ہوگی۔مرکزی زیرانتظام علاقہ کی انتظامیہ نے خواتین کیلئے33فیصد ریزرویشن کااعلان کیا جبکہ درج فہرست قبائیل اورذات سے وابستہ ممبران کو ان کی آبادی کے تناسب سے ریزرویشن ملے گی ۔خواتین کی ریزرویشن کیلئے اضلاع کو حروف تہجی کے حساب سے تشکیل دیاگیااور ہر تیسرے ضلع کو خواتین کیلئے مخصوص رکھا گیا۔چیئرپرسنوں کی نشستیں خواتین کیلئے مخصوص رکھنے کیلئے تین نکاتی روسٹرنظام بنایا گیا جس کے تحت نمبر3،6،9،12،15اور18پرآنے والے اضلاع کوخواتین کیلئے مخصوص رکھا گیا۔عرضی دہندگان نے  خواتین کیلئے چیئرپرسنوںکی ریزرویشن روسٹر میں تبدیلی پراعتراض کیا اورکہا کہ نظام قواعد کے منافی ہے جو ریزرویشن 1،4،7،10اور اسی طرح سے آگے فراہم کرتا ہے ۔کانگریس دل بدلی قواعد کے متعارف کرانے کی پرزور وکالت بھی کرتا ہے اور ضلع ترقیاتی کونسل چیئرمینوں کے انتخاب کیلئے کھلی ووٹنگ پر زوردے رہا ہے تاکہ کسی بھی سودا بازی کو ہونے سے روکا جائے۔جموں کشمیر کانگریس کے ترجمان رویندر شرما نے کہا کہ ریزرویشن کے روسٹر کو اگر پہلے ہی بنایا گیا ہے اور24اکتوبر2020کومشتہر کیا گیاہے تو اب اس میں تبدیلی کیوں کی جارہی ہے جبکہ اہل امیدواروں کو سب جانتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ 2014میں ترمیم کئے گئے پنچایتی قانون میں ایک تہائی نشستیں خواتین کیلئے مخصوص رکھی گئی ہیں جن میں شیڈول کاسٹ اور شیڈول ٹرائب کی کواتین بھی شامل ہیں اوریہ پہلی بار ہے کہ ایسی ریزرویشن ضلع ترقیاتی کونسل چیئرپرسنوں کیلئے عملائی جارہی ہے تو اِسے نمبرشمار ایک سے شروع ہونا چاہیے۔(کے این ایس+ایجنسیز)