ضلع ترقیاتی کونسل انتخابات : پونچھ میں بی جے پی نے کھاتہ نہیں کھولا | آزاد امیدواروں کا رہا دبدبہ،8پر کامیابی حاصل کی،کانگریس کی4،این سی کی 2پر جیت

 پونچھ//پونچھ میں ضلع ترقیاتی کونسل انتخابات کی تمام نشستوں کے نتائج منگل دیر رات کو سامنے آئے جس میں بھارتیہ جنتا پارٹی کسی بھی نشست پر جیت حاصل نہیں کر سکی جبکہ ضلع میں آزاد امیدواروں کا دبدبہ رہا جنہوںنے 8نشستوں پر جیت حاصل کی جبکہ نیشنل کانفرنس سے تعلق رکھنے والے پیپلز الائنس برائے گپکار اعلامیہ کے دو امیدواراور کانگریس کے چار امیدوار کامیاب قرار پائے۔ ضلع میں کئی بڑے لیڈران جوقانون سازکونسل کے عہدوں پر فائرز رہے ہیں، ان کو ہار کا سامنا کرنا پڑا ۔ ضلع ترقیاتی کونسل کے نتائج میں پونچھ ضلع کے بلاک بالاکوٹ سے مسرت جبین آزاد امیدوار،بفلیاز سے ریاض احمدنیشنل کانفرنس، لسانہ سے رخسانہ کوثر کانگریس ، لورن سے چوہدری ریاض بشیر ناز آزاد امیدوار ،منڈی سے عطیقہ جان نیشنل کانفرنس، منکوٹ سے عمران ظفر کانگریس، مینڈھر اے سے میاں فاروق احمد آزاد امیدوار ،مینڈھر بی واجد بشیر خان نیشنل کانفرنس،مینڈھر سی محمد اشفاق آزاد امیدوار، ننگالی بلاک سے نازیہ غنی کانگرس،پونچھ بلاک سے چوہدری عبدالغنی کانگریس ،ساتھرہ بلاک سے تعظیم اختر آزاد امیدوار ، سرنکوٹ اے محمد شاہنواز چوہدری آزادامیدوار اور سرنکوٹ بی سے سہیل شہزاد آزاد امیدوار نے کامیابی حاصل کی ۔وہیں واضح رہے کہ بطور آزاد امیدوار جیتنے والے شہنواز چودھری اور ریاض ناز کا تعلق بھی کانگرس جماعت سے ہی رہا ہے اور وہ ان انتخابات سے قبل کانگریس سے الگ ہوکر بطور آزاد امیدوار میدان میں اترے۔ 
 
 
 

پونچھ و راجوری میںبڑے لیڈر اور سابق قانون ساز پِٹ گئے

 سمت بھارگو
 راجوری// عوام کے لئے حیرت کی بات یہ ہے کہ راجوری اور پونچھ ضلع میں ضلعی ترقیاتی کونسل کے انتخابات میں کئی بڑے سیاسی لیڈران و کچھ سابق ممبران اسمبلی و کونسل جیت حاصل نہیں کر پائے اور انکی جگہ عوام نے نئے و آزاد چہروں کو ترجیح دی۔ پونچھ میں ڈی ڈی سی کے کچھ حلقے عوام کی توجہ کا مرکز بنے رہے جہاں اعلیٰ تصور کئے جانے والے سیاستدان اور قانون ساز اسمبلی میں ممبر رہ چکے چہرے ڈی ڈی سی انتخابات لڑ رہے تھے لیکن ان میں سے بیشتر انتخابات ہار گئے۔ پونچھ کے لورن ڈی ڈی سی حلقہ میں ، بی ڈی سی چیئرمین منڈی شمیم گنائی ، سابق ایم ایل اے پونچھ شاہ محمد تانترے مقابلہ کررہے تھے جہاں کانگریس کے لیڈر ریاض بشیر ناز نے بھی بطور آزاد امیدوار قدم رکھا۔ریاض بشیر ناز نے سابق ایم ایل اے پونچھ شاہ محمد تانترے کو شکست دے کر انتخابات میں کامیابی حاصل کی۔ فاتح امیدوار کو 931 ووٹوں کی بڑھوتری سے سابق ایم ایل اے کو شکست دینے میں کامیاب رہے۔ اسی طرح پچھلے سال نیشنل کانفرنس سے استعفیٰ دینے والی سابق ایم ایل سی ڈاکٹر شہنازگنائی منڈی ڈی ڈی سی حلقہ سے سابقہ ممبر قانون سازاسمبلی اعجاز جان کی والدہ عتیقہ بیگم سے مقابلہ میں تھیں مگر سابق ایم ایل سی ڈاکٹر شہناز گنائی کو ہار ہاتھ لگی۔ اسی طرح کانگریس کے بڑے لیڈر و سابق ایم ایل اے سرنکوٹ چوہدری محمد اکرم سرنکوٹ حلقہ سے مقابلے میں تھے جہاں اْنکے خلاف کانگریس کے ہی لیڈر شاہنواز چوہدری بطور آزاد امیدوار میدان میں اْترے اور سابق ایم ایل اے سرنکوٹ چوہدری اکرم کو ہار ہاتھ لگی۔ یہاں سے جیت حاصل کرنے والے شاہنواز کانگریس کے رہنما بھی ہیں لیکن انہوں نے سرنکوٹ ڈی ڈی سی حلقہ سے اپنی ہی پارٹی کے امیدوار کے خلاف آزاد امیدوار کی حیثیت سے انتخابات میں اترنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی این سی کے سینئر رہنما نذیر حسین مینڈھر بی حلقہ سے آزاد امیدوار سے ہار گئے اور اسی طرح این سیکے ذیشان رانا ، جو سابق ایم ایل اے مینڈھرجاوید رانا کے بیٹے بھی ہیں ، آزاد امیدوار سے ہار گئے۔ راجوری میں بھی بدھل نیو حلقہ میں سابق وزیر مملکت کی بہو اپنی پارٹی کی امیدوار سے ہار گئی جبکہ سابق کابینہ وزیر کی اہلیہ بدھل اولڈ اے حلقے سے آزاد خاتون امیدوار سے ہار گئیں۔اسی طرح رویندر رینہ کے آبائی حلقہ نوشہرہ سے بی جے پی امیدوار پی ڈی پی امیدوار کے ہاتھوں پِٹ گیا۔
 
 
 

 راجوری میں بھی ہل کے آگے کنول کا پھول نہ کھل سکا | این سی5سیٹوں کے ساتھ پہلے نمبرپر،بھاجپا اور کانگریس کوتین تین سیٹیں ملیں

 سمت بھارگو
 راجوری// نیشنل کانفرنس راجوری ضلع میں واحد سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری ہے کیونکہ اس نے چودہ میں سے پانچ انتخابی حلقوں میں کامیابی حاصل کی ہے اور ان پانچ انتخابی حلقوں میں موگلا ، کالاکوٹ ، بدھل اولڈ بی ، ڈھانگری اور ڈونگی شامل ہیں۔ کانگریس پارٹی اور بی جے پی دونوں ضلع کی تین سیٹیں جیتنے والی دوسری بڑی پارٹی کے طور پر ابھریں جن میں سے بی جے پی نے سیری ، سندر بانی اور درہال ڈی ڈی سی انتخابی حلقوں میں اپنی جیت درج کی اور کانگریس نے منجاکوٹ ، راجوری اور تھنہ منڈی حلقوں میں کامیابی حاصل کی۔ اپنی پارٹی اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی دونوں نے ایک ایک نشست جیتی جبکہ اپنی پارٹی کی خاتون امیدوار نے بدھل نیو حلقہ میں بھاری مارجن سے کامیابی حاصل کی اور نوشہرہ حلقہ میں پی ڈی پی امیدوار نے آسان کامیابی حاصل کی۔ ایک خاتون آزاد امیدوار نے بدھل اولڈ اے حلقہ میں کامیابی حاصل کی اور اپنی پارٹی اور نیشنل کانفرنس کے امیدواروں کو شکست دی۔ راجوری ضلع میں جارحانہ مہم چلانے والی برسراقتدار بھارتیہ جنتا پارٹی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہی اور صرف تین ڈی ڈی سی حلقوں میں کامیابی حاصل کی جس میں بی جے پی صدر رویندر رینہ کے آبائی علاقے کے سیری اور سندربنی حلقے شامل ہیںاور ساتھ ہی بی جے پی نے درہال حلقہ پر بھی جیت درج کی۔ ڈی ڈی سی کے باقی حلقوں میں ، بی جے پی امیدوار صرف تین حلقوں میں دوسرے نمبرپررہے جن میں کالاکوٹ ، ڈھانگری اور نوشہرہ شامل ہیں جن میں فاتح امیدواروں نے ان تینوں حلقوں پر بھاری فتح کے فرق سے کامیابی حاصل کی۔ راجوری میں پارٹی کے مرکزی وزیر سمرتی ایرانی ، انوراگ ٹھاکر ، ڈاکٹر جتندر سنگھ کے ساتھ مل کرپارٹی کے متعدد لیڈروں نے متعدد بڑی عوامی ریلیوں کا انعقاد کیا جن میں ڈونگی ، ڈھانگری ، کالاکوٹ اور نوشہرہ ڈی ڈی سی حلقے شامل ہیں۔
 
 

 ڈوڈہ میں بھاجپا کا دبدبہ،8نشستوں پر ملی جیت |  کانگریس 4،این سی 1 اورآزاد امیدوار1نشست پر کامیاب 

اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ کے سبھی حلقوں میں ضلع ترقیاتی کونسل انتخابات کے نتائج کا اعلان کیا گیا جس میں بھاجپا کو برتری حاصل ہوئی ہے۔تفصیلات کے مطابق منگل کے روز صبح نو بجے ضلع صدر مقام ڈوڈہ کے ڈگری کالج و ہائر سیکنڈری اسکول (بوائز) میں سیکورٹی فورسز و اعلیٰ آفیسران کی موجودگی میں گنتی کا عمل شروع ہوا جو رات ساڑھے بارہ بجے تک جاری رہی۔چودہ حلقوں میں سے 8 پر بھاجپا کا قبضہ رہا جبکہ کانگریس 4،نیشنل کانفرنس ایک و ایک نشست پر آزاد امیدوار کو فاتح قرار دیا گیا۔ ٹھاٹھری، چرالہ ،بھالہ ،بھدرواہ ایسٹ ،بھدرواہ ویسٹ ،کاستی گڑھ ،بھاگواہ و عسر میں کمل کھل گیا وہیں چنگا، بھلیسہ ،گندنہ و مرمت میں ہاتھ کو اکثریت حاصل ہوئیں جبکہ گندنہ پر کانگریس و پی ڈی پی کی حمایت سے نیشنل کانفرنس کی جیت ہوئی اور کاہرہ حلقہ میں آزاد امیدوار نے بازی ماری۔چودہ حلقوں میں سے کاستی گڑھ، بھاگواہ ،عسر ،بھالہ و گھٹ کو خواتین کے لئے مخصوص رکھا گیا تھا جبکہ بھلیسہ کو شیڈول ٹرائب، چرالہ کو شیڈول کاسٹ کے لئے مخصوص رکھا گیا تھا۔ضلع میں بھاجپا کو سب سے زیادہ ووٹ ملے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق بی جے پی کو 62344،کانگریس 52894،نیشنل کانفرنس کو 34015و آزاد امیدواروں کو 21978ووٹ ملے ہیں۔ واضح رہے کہ 14 حلقوں میں کل 101 امیدواروں نے اپنی قسمت آزمائی کی تھی جبکہ 175000 کے قریب رائے رائے دہندگان نے اپنے رائے دہی کا استعمال کیا تھا۔
 
 
 

کشتواڑ میں نیشنل کانفرنس نے بازی مارلی  | 6حلقوں میں درج کی جیت،کانگریس3،بھاجپا3اورآزاد امیدوار 2حلقوں میں سرخرو

 اشتیاق ملک
کشتواڑ //ضلع کشتواڑ میں ڈی ڈی سی انتخابات نیشنل کانفرنس کو برتری حاصل ہوئی ہے جبکہ کانگریس و بھاجپا کو تین تین نشستوں پر کامیابی ملی ہے وہیں دو حلقوں سے آزاد امیدواروں نے بازی ماری ہے۔تفصیلات کے مطابق منگل کو دیر رات کشتواڑ میں ضلع ترقیاتی کونسل انتخابات کے لئے پر امن طریقے سے گنتی کا عمل مکمل ہوا۔اس دوران نیشنل کانفرنس کو 6 نشستوں پر کامیابی ملی ہے جن میں کشتواڑ، ناگسینی،ٹھاکرائی ،اندروال (چھاترو) ،پلماڑ،دچھن شامل ہیں وہیں کانگریس کو درابشالہ بی، بونجواہ و مغل میدان میں برتری حاصل ہوئی ہے جبکہ درابشالہ اے، ترگام و پاڈر میں بھاجپا نے جیت درج کی ہے اور واڑون و مڑواہ میں آزاد امیدواروں نے بازی ماری ہے۔اسطرح سے ضلع کشتواڑ میں نیشنل کانفرنس کا پلڑا بھاری رہا ہے۔ادھر سابق وزیر و نیشنل کانفرنس رہنما سجاد احمد کچلو نے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ فرقہ پرست طاقتوں کو لوگوں نے منہ توڑ جواب دیا ہے۔ انہوں نے سبھی نومنتخب امیدواروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جیت سے جہاں پارٹی مزید مضبوط ہو گی وہیں عوامی مسائل حل کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
 
 
 
 

 بی جے پی کی ہارکیلئے پارٹی کے اندورنی افراد ذمہ دار : محمد رفیق چستی

حسین محتشم
پونچھ//ضلع ترقیاتی کونسل کے انتخاب میں بلاک پونچھ اور بلاک ننگالی میں کانٹے کی ٹکر دے کر ہارنے کے بعد بدھ کے روز بھارتیہ جنتا پارٹی کے ضلع صدر محمد انجینئر محمد رفیق چستی کی قیادت میں ایک پریس کانفرس منعقدکی گئی۔ذراِئع ابلاغ کے نمائندگان سے بات کرتے ہوئے انہوں عوام کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں بھارتیہ جنتا پارٹی کو گیارہ ہزار ووٹ دیئے۔رفیق چستی اور پارٹی ترجمان سنیل گپتا نے کہا کہ اس بار پونچھ اور ننگالی بلاک سے بھارتیہ جنتا پارٹی کی ہارکی وجہ پارٹی کے اندرونی لوگ رہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس سلسلہ میں پارٹی کی اعلی قیادت کو پہلے ہی مطلع کر چکے ہیں۔انجینئر محمد رفیق چستی نے نہایت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس بار عوام نے پارٹی پر مکمل بھروسہ کر رکھا تھا لیکن بھارتیہ جنتا پارٹی پونچھ اکائی کے کچھ اندورنی افراد اپنے ذاتی مفاد کے لئے پارٹی کی ہار کی وجہ بنے ۔
 
 
 

کامیاب امیدواروں کو تہنیت

سرنکوٹ// بختیار حسین //سرپنچ ایسو سی ایشن بلاک سرنکوٹ کی جانب سے ڈی ڈی سی الیکشن میں بہترین کامیابی حاصل کرنے والوں کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ سرنکوٹ کی عوام نے نوجوان نمائندوں کو موقع دے کر ایک اہم کارگردگی ظاہر کی ہے۔بلاک صدر نے اپنے تمام سرپنچوں کی جانب سے کامیاب امیدوار شہنواز چوہدری ،ریاض منہاس، سوہیل ملک ،رخسانہ کوثر کو مبارک باد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ مذکورہ امیدوار غریب عوام کی پریشانیوں کو سمجھیں گئے اور اعلی حکام تک بات کو پہنچائیں گے جس سے لوگوں کو فائدہ مل سکے گا۔
 
 
 

فتحیاب امیدوار کی گھر آمد پر جشن کا سماں

جاوید اقبال          
مینڈھر//ضلع ترقیاتی کونسل انتخابات کے نتائج ظاہرہونے کے بعد سب ڈویژن مینڈھر کے حلقہ انتخاب مینڈھر بی سے کامیابی حاصل کرنے والے انجینئر واجد بشیر ٹیکو بدھ وار کو پونچھ سے جب کرشنا گھاٹی پہنچے تو سینکڑوں کی تعداد میں گاڑیاں لیکر ہزاروں لوگ کرشنا گھاٹی انکا استقبال کرنے کیلئے پہنچ گئے۔ لوگوں نے انکے حق میں نعرے بازی کرتے ہوئے ان پہ پھول نچھاور کئے۔ اس دوران واجد بشیر نے لوگوں کا شکریہ ادا کیااور اپنے گھر سخی میدان مینڈھر روانہ ہوئے لیکن بیس کلومیٹر کے راستہ میں ہزاروں لوگوں نے انکا والہانہ استقبال کرتے ہوئے انہیں ہار پہنائے اور ایک گھنٹے کا سفر چھ گھنٹوں میں طے کیا۔ جب وہ اپنے گھر پہنچے تو وہاں پر بھی موجود ہزاروں کی تعداد میں مرد وخواتین نے انکا والہانہ استقبال کرتے ہوئے انکو ہار پہنا کر گلے لگایا اور خواتین نے ان پر پھول بھی نچھاور کئے اس دوران ایک تقریب بھی منعقد ہوئی جس میں بولنے والوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ واجد بشیر نوجوان لیڈر ہیں اور مینڈھر بی حلقہ انتخاب کے ترقیاتی کاموں میں اہم رول ادا کریں گے اور غریب لوگوں کی خدمت کریں گے۔واجد بشیر نے لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ لوگوں کے بہت مشکور ہیں جنہوں نے انہیں بھاری تعدا د میں ووٹ دے کر کامیاب کیا۔انہوں نے کہا کہ وہ لوگوں کو ساتھ لیکر چلیں گے ا ور ترقیاتی کاموں میں اہم روال ادا کرینگے۔
 
 
 

ہار تسلیم ،لوگوں کا ساتھ نہیں چھوڑینگے:ذیشان رانا

جاوید اقبال        
مینڈھر//ضلع ترقیاتی کونسل میں ہار کا سامنا کرنے والے نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر جاوید رانا کے فرزند ایڈووکیٹ ذیشان رانا نے بدھ وار کے روز ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ تمام لوگوں کا شکریہ اداکرتے ہیں جنہوں نے انہیں ووٹ دئے۔ انکا کہنا تھا’’ بزرگوں ،نوجوانوں اور خواتین سے یہ وعدہ کرتا ہوں کہ میں آپ کا ساتھ ہمیشہ دوں گا اور آپ کے ساتھ کاندھے سے کاندھا ملاکر چلتا رہوں گا ‘‘۔انکا مزیدکہنا تھا ’’ ہم نے انتخابات کے دوران تنظیمی طور پر یہ میسیج بھی دیا تھا کہ ہمارے خلاف کئی ایجنسیاں کا م کررہی ہیں اور الیکشن میں شکست کا کئی ایجنسیوں کا اہم رول ہے۔ کچھ لوگ تنظیمی طور پر ہماری مخالفت کرتے رہے ،میں اپنے لوگوں کو یہ کہنا چاہتا ہوں کہ آپ اپنا مورال نہیں گرانا۔ جن لوگوں نے تنظیم کے اندر رہ کر تنظیم کے خلاف کام کیا ہے،انہیںبخشا نہیں جائے گا ‘‘۔
 
 
 

شمشادہ شان کاکامیابی کے بعد سنگلدان میں روڈشو 

زاہد بشیر
گول//ڈی ڈی سی انتخاب میں بھاری اکثریت سے جیتنے کے بعد نیشنل کانفرنس کی سینئر خاتون لیڈر ڈاکٹر شمشادہ شان نے سنگلدان بلاک صدر مقام پر روڈ شو کا اہتمام کیا جس میں ہزاروں لوگوں نے بھر پور شرکت کی ۔ اس موقعہ پر ڈاکٹر شمشادہ شان نے لوگوں کا تہہ دل شکریہ ادا کرتے ہوئے عوام سے کہا کہ وہ اُن کے مسائل حل کروانے میں پیش پیش ہے ۔ شمشادہ شان نے کہا کہ جس دلچسپی سے لوگوں نے انتخابات میں حصہ لیا اور ووٹنگ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا کر مجھے کامیاب بنایا، یہ میر ی نہیں بلکہ یہاں کی عوام کی جیت ہے ۔ اس موقعہ پر خواتین کی بھاری اکثریت بھی موجود تھی ۔اس دوران گول میں بھی این سی امیدوار سخی محمد کی کامیابی پر اُن کے حامیوں نے گول بازار میں روڈ شو کا اہتمام کیا ۔
 سابق وزیر شام لال چودھری 11 ووٹوں سے ہار گئے 
جموں// بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سابق وزیر شام لال چودھری انتخابی حلقہ سچیت گڑھ کی نشست سے صرف 11ووٹوں کی فرق سے ہار گئے ۔ضلع جموں میں بی جے پی نے 11 سیٹوں پر جیت درج کی ہے اور آزاد امیدواروں نے دو سیٹیں حاصل کی ہیں جبکہ نیشنل کانفرنس کے کھاتے میں بھی ایک سیٹ گئی ہے ۔بی جے پی نے وادی کشمیر میں 140نشستوں میں سے 3 نشستوں پر جیت حاصل کی ہے۔نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا کہنا ہے کہ بی جے پی کشمیر میں صرف تین سیٹوں پر جیت درج کرنے کو بڑھا چڑھا کر پیش کر رہی ہے جبکہ پیپلز الائنس کی صوبہ جموں میں 35 سیٹوں پر جیت یا برتری کو صرف نظر کیا جا رہا ہے ۔ 
 
 
 

 قیوم میر کی جیت پر تھنہ منڈی میں جشن

 طارق شال
تھنہ منڈی // ڈی ڈی سی انتخابات میں حلقہ انتخاب تھنہ منڈی سے کانگریس امیدوار عبدالقیوم میر کی جیت پر راجدھانی اور تھنہ منڈی میں جشن منایا گیااور ایک ریلی کی صورت میں قافلہ شاہدرا شریف زیارت پر پہنچا جہاں پر امیدوار نے حاضری دی۔بدھ کی صبح ہی انکا قافلہ سوڑہ سے منیال۔ اعظمت آباد سے ہوتا ہوا شاہدرا شریف پہنچا جہاں پر انہوں نے حضرت بابا غلام شاہ باد شاہ کی زیارت پر حاضری دیکر ملک و قوم کے لئے دعائیں مانگیں۔
 
 

 منڈی نیشنل کانفرنس نے ووٹروں کا کیا شکریہ

 منڈی//ڈی ڈی سی انتخابات میں بلاک منڈی سے گپکار الاینس اور نیشنل کانفرنس کی مشترکہ امید وار بیگم عتیقہ جان نے انتخابات جیتنے کے بعد ووٹران کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقہ پر منڈی نزدیک بس سٹینڈ پارٹی کی جانب سے ایک جلسے کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں عتیقہ جان کے حق میں دیے گیے ووٹران نے شرکت کی۔ عتیقہ جان کے بیٹے اور سابقہ ممبر اسمبلی پونچھ اعجاز جان نے منڈی بلاک کے تمام ووٹران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ منڈی بلاک کے تمام لوگوں کے شکر گزار ہیں کہ جنہوں نے حالیہ ڈی ڈی سی انتخابات میں ان کی والدہ اور گپکار الاینس نیشنل کانفرنس کی امید وار عتیقہ جان کے حق میں ووٹ ڈال کر انہیں کامیاب کیا۔
 
 
 

 ووٹران کا مشکور ہوں، ہار سے مایوسی نہیں:فرحت رفیق

گول/ڈی ڈی سی حلقہ گول گنڈی داڑم سے الیکشن میں بطورِ آزاد اْمیدوار قسمت آزمانے والے نوجوان لیڈرفرحت رفیق نے عوام گول کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ ڈی ڈی سی الیکشن میں جنھوں نے مجھ پر مکمل اعتماد اور اپنی عقیدت و محبت کا اظہار کرتے ہوئے مجھے اپنا قیمتی ووٹ دے کر مجھ سے اْمیدیں وابستہ کی ہیں اْن کی اْمیدوں پر کھرا ْترنے کیلئے ہر وقت تیار رہوں گااور اْنہیں مایوس نہیں ہونے دوں گا۔جن افراد نے ووٹ نہیں دیااْن کا بھی شکریہ کیونکہ ہار جیت سیاست کا لازمی جْز ہے۔انھوں نے کہا اِس الیکشن میںحلقہ گول اور سنگلدان سے جیت حاصل کرنے والے اْمیدوار وںکو مبارک باد پیش کرتاہوں اور اْمید کرتا ہوں کہ عوام کیساتھ کئے گئے وعدوں کو وہ ضرور پورا کریں گے۔