ضلع ترقیاتی کمشنر کا بٹوت میں عوامی دربار

 بٹوت //ضلع ترقیاتی کمشنر شوکت اعجاز بٹ کی قیادت میں بٹوت میں ایک عوامی دربار منعقد کیا گیا جس دوران لوگوں کے مسائل اور شکایات کا جائزہ لیا گیا ۔ایس ایس پی انیتا شرما ،اے ڈی سی ڈاکٹر بشارت حسین، تحصیلدار بٹوت امت منہاس ودیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔انہوں نے نو منظور شدہ ڈگری کالج بٹوت کے لئے اراضی حاصل کرنے کے لئے تحصیلدار بٹوت کو زمین کی نشاندہی کرنے کی ہدایت دی۔اس موقعہ پر عوام نے بٹوت کے لئے ڈگری کالج منظور کرنے پر انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔اسکے علاوہ عوام نے متعدد مسائل پیش کئے اور ان کا ازالہ طلب کیا۔ان مطالبات میں بجلی سپلائی ،پینے کے پانی کی سپلائی میں بہتری ،سڑکوں اور تعلیم کے شعبہ میں بہتری کا بھی مطالبہ شامل ہے۔ڈی سی نے مقامی لوگوں کو یقین دلایا کہ ا نکے جائز مطالبات کا معیاد بند مدت کے اندر ازالہ کیا جائے گا۔انہوںنے بہتر عوامی ڈیلوری سسٹم میں لوگوں کا تعاون طلب کیا۔انہوں نے قصبہ میں امن و امان و بھائی چارہ قائم رکھنے کے لئے بھی لوگوں سے تعاون طلاب کیا۔انہوں نے افسروں سے لوگوں کی مشکلات کا ازالہ کرنے کے لئے کاوشوں میں سرعت لانے کی ہدایت دی۔ اس موقعہ پر ڈی سی نے کہا کہ لوگوں تک رسائی کی مہم کامقصد انتظامیہ کو لوگوں کے دروازوں پر لانا ہے۔انہوں نے بجلی ،طبی نگہداشت،کھیلوں ،روز گار ،پانی کی سپلائی و دیگر بنیادی سہولیات کے سلسلہ میں شکایات کو فوری طور حل کرنے کی ہدایت دی۔لوگوں نے ضلع انتظامیہ کو علاقہ میں امن و امان و آپسی روا داری قائم رکھنے کیلئے پوا تعاون دینے کی یقین دہانی کی۔ڈی سی نے نوجوانوں کو سرکار کی جانب سے چلائی جا رہی سیلف ایمپلائمنٹ سکیم کے فوائد حاصل کرنے پر زور دیا  اور ضلع انتظامیہ کی جانب سے اس سلسلہ میں مکمل معاونت کا بھروسہ دلایا ۔