ضلع ترقیاتی کمشنروں کو اختیارات تفویض

سب ڈویژنل مجسٹریٹوں کو ترقیاتی کاموں کی نگرانی اور ملازمین کی حاضری کی جانچ کا اختیار

 
سرینگر// لیفٹیننٹ گورنر کی سربراہی والی حکومت نے جموں کشمیر میں تحصیلداروں،نائب تحصیلداروں اور گرداوروں کے تبادلوں کے اختیارات متعلقہ ضلع ترقیاتی کمشنروں کو سونپنے کے احکامات صادر کئے ہیں۔جبکہ سب ڈویژنل مجسٹریٹوں کو اپنے دائرہ حدود میںتمام ترقیاتی کاموں کی نگرانی اور معائنہ کے علاوہ سرکاری دفاتر میں ملازمین کی حاضری کی جانچ کا اختیار دیا گیا ہے۔ حکم نامہ میں کہا گیا  ہے کہ محکمہ عمومی انتظامی کی جانب آرڈر زیر نمبر810JK(GAD)محرر یکم نومبر2020 میں جزوی ترمیم کرتے ہوئے یہ احکامات صادر کئے جاتے ہیں کہ تحصیلداروں ، نائب تحصیلداروں یا گرداورں کے تبادلوں کے اختیارات متعلقہ صوبائی کمشنروں کی جانب سے ضلع ترقیاتی کمشنروں کو سونپے جارہے ہیں،جو انکی تقرریاں عمل میں لائیں گے۔ تمام ڈپٹی کمشنر تحصیلداروں ، نائب تحصیلداروں ، گرداوروں اور پٹواریوں کے تبادلے کرنے کے اہل ہوں گے۔ آرڈر کے مطابق متعلقہ ضلع ترقیاتی کمشنروں کو یہ اختیارات بھی سونپے گئے ہیں کہ وہ خالی اسامیوں کے حوالے سے با قاعدہ انتظام ہونے تک انچارج کی بھی تقرری عمل میں لاسکتے ہیں۔ حکم نامہ کے مطابق نائب تحصیلدار ، گرداور اور پٹواریوں کے تبادلے اور تقرریاں سب ڈویژنل مجسٹریٹ عمل میں لاسکتے ہیں۔اس دوران حکومت نے جمعہ کو سب ڈویژن مجسٹریٹوں کو اپنے دائرہ حدود میںتمام ترقیاتی کاموں کی نگرانی اور معائنہ کے علاوہ جموں و کشمیر کے تمام سرکاری دفاتر میں ملازمین کی حاضری کی جانچ کا اختیار دیا ہے۔ اس سلسلے میں سرکاری حکم نامہ میں کہا گیا’’اس معاملے پر وقتا ًفوقتا ًجاری کردہ ہدایات کے تسلسل میں ، یہ حکم دیا جاتا ہے کہ تمام ڈویژنل مجسٹریٹوں کو تمام ترقیاتی کاموں کی نگرانی اور اپنے اپنے دائرہ اختیار میں تمام سرکاری دفاتر میں ملازمین کی حاضری کی جانچ کرنے کا اختیار دیا جاتا ہے‘‘۔سرکاری حکم نامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ اس کی رپورٹیں متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو پیش کی جائیں گی۔
 
 

کابرا اور شرما کو 2 محکموں کا اضافی چارج 

بلال فرقانی
 
سرینگر// سرکار نے محکمہ داخلہ کے پرنسپل سیکریٹری شالین کابرا کو محکمہ آفات سماویٰ،ریلیف،باز آبادکاری و تعمیر نو کے انتظامی سیکریٹری کا اضافی چارج تفویض کیا ہے۔سرکاری حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ محکمہ داخلہ کے پرنسپل سیکریٹری شالین کابرا ،جن کے پاس محکمہ مال کے انتظامی سیکریٹری اور فائنانشل کمشنر مال کا اضافی چارج ہے، کو تا حکم ثانی اپنی ذمہ داریوں کے علاوہ محکمہ آفات سماویٰ،امداد،باز آباد کاری اور تعمیر نو کا اضافی چارج بھی تفویض کیا جا رہا ہے۔ حکم نامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ جموں کشمیر ای گورننس ایجنسی کے چیف ایگزیکٹو افسر امیت شرما کو اپنی ذمہ داریوں کے علاوہ تا حکم ثانی محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا اضافی چارج بھی سونپا جا رہا ہے۔