سرینگر//دیہی ترقی اور پنچایتی راج کے وزیر عبدالحق کی صدارت میں ضلع ترقیاتی بورڈ کو لگام کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں ضلع میں ترقیاتی پر وجیکٹوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں ممبر پارلیمنٹ نذیر احمد لاوے ،ممبران اسمبلی نور آبا د کولگام ، ہوم شالی بُگ اور دیو سر کےع لاوہ ضلع ترقیاتی کمشنر کو لگام ، وائس چیئرمین کے وی آئی بی ، وائس چیئرمین گجر اینڈ بکر وال بورڈ نیز مختلف محکموں کے افسران اور دیگر ضلعی افسران موجود تھے۔اس سے قبل ضلع ترقیاتی کمشنر نے میٹنگ کو ضلع میں جاری مختلف ترقیاتی سکیموں اور پروجیکٹوں کی پیش رفت کے بارے میں جانکاری دی۔ انہوں نے گزشتہ بورڈ فیصلوں کی عمل آوری کے سلسلے میں میٹنگ کو آگاہ کیا ۔ اس موقعہ پر بتایا گیا کہ منظور شدہ 134.60 کروڑ روپے میں سے دستیاب 102.05 کروڑ روپے کی رقم میں سے اب تک 98.65 کروڑ روپے مختلف ترقیاتی اور فلاحی سرگرمیوں پر خرچ کئے گئے ہیں۔محکمہ تعمیرات عامہ کی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے دوران بتایا گیا کہ رواں مالی سال کے دوران 6 بڑے پلوں کی تعمیر کا کام مکمل کیا گیا ہے ۔ جبکہ اشموجی، کیلم گنڈپل ، برازلو این ایچ 444 ، چالن استھل ، ادیگام دمحال ، مینگام چادر کوٹ اور دیگر بڑے پلوں کی تعمیر کا کام سرعت کے ساتھ جارہی ہے جن پر 93.47 کروڑ روپے کی لاگت آرہی ہے ۔میٹنگ میں ضلع میں دیگر ترقیاتی پروجیکٹوں کی پیش رفت اور حصولیابیوں کو اُجاگر کیا گیا۔ چیئرمین نے میٹنگ کے دوران کئی محکموں کی غیر حاضری کا سنجیدہ نوٹس لیا اور ضلع ترقیاتی کمشنر کو اس سلسلے میں چیف سیکرٹری کو مطلع کرنے کی ہدایت دی۔
ضلع ترقیاتی بورڈ میٹنگ کو لگام
