ضلع انتظامیہ کشتواڑ کا دورہ ٔمڑواہ

 کشتواڑ//ضلع ترقیاتی کمشنر انگریز سنگھ رانانے ایس ایس پی راجندر کمار گپتا ، اے ڈی ڈی سی کشتواڑ امام دین ، ایس ڈی ایم مڑواہ کیسر بھوانی، ڈی ایس ڈبلیو او محسن رضا کے ہمراہ مڑواہ کا دورہ کرکے لوگوں کے مسائل کی جانکاری حاصل کی۔دورے کے دوران قادریانہ اے ،قادریانہ بی ،پیٹھگام اور نوا پاچی دیہات کے مختلف وفود نے ڈی سی سے ملاقات کرکے اپنے مسائل پیش کئے۔انہوں نے مختلف مقامات پر ہورہی ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیکر متعلقہ ٹھیکہ داروں کو کام کی تکمیل بر وقت کرنے کے لئے کام میں سرعت لانے کی ہدایت دی ۔انہوں نے باتھا میں پیٹھ گام سے رینائی تک پی ایم جی ایس وائی سڑک کی تعمیر کرنے میں در پیش روکاوٹوں کا موقعہ پر ہی ازالہ کیااور ایگزیکٹو انجینئر کو یہ کام ایک مہینے کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی۔ڈی سی نے تمام وفود کو بغور سنا اور انہیں یقین دلایا کہ انکے مسائل کا سرعت سے ازالہ کیا جائے گا۔انہوں نے نواپاچی میں ڈگری کالج کی تعمیر کے لئے حاصل کی گئی جگہ کا بھی معائینہ کیا مڑواہ کے عوام نے موسم سرما کے پیش نظر تین مہینوں کاپیشگی راشن فراہم کرنے اور نواپاچی میں 62کنال سرکاری اراضی پر ایک سٹیڈیم تعمیر کرنے کا بھی مطالبہ کیا ۔