ضلع انتظامیہ کاتھنہ منڈی میں عوامی مسائل ازالہ کیمپ

تھنہ منڈی/ ضلع انتظامیہ راجوری نے تھنہ منڈی میں عوامی مسائل ازالہ کیمپ کاانعقادکیاجس میں ضلع ،سیکٹورل و بلاک سطح کے آفیسران نے مسائل سنے۔اس دوران تحصیل تھنہ منڈی کے مختلف دیہات سے تعلق رکھنے والے نمائندوں نے متعلقہ علاقوں کے مسائل کے بارے میں جانکاری دی۔انہوں نے کہاکہ  محکمہ پی ایچ ای کی نصب شدہ بوسیدہ اور ٹوٹی ہوئی پائپوں کو تبدیل کرنے کیلئے آبادی کے تناسب سے اسکیموں کو مرتب کیا جائے تاکہ مستقبل میں لوگوں کو مشکلات سے دوچار نہ ہونا پڑے۔ نمائندگان نے محکمہ پردھان منتری گرامین سڑک یوجنا کے تحت زیر، تعمیر تمام سڑکو ں کو مکمل کیا جائے اور زمین مالکان کو معاوضہ فراہم کرنے کے کام میں سرعت لائی جائے۔ راجوری تا بفلیاز سڑک براستہ تھنہ منڈی کو ڈبل لین تعمیر کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ پرائمری ہیلتھ سنٹر تھنہ منڈی کا درجہ بڑھانے کے لئے ریاستی گورنر انتظامیہ کو لکھا جائے، لوگوںنے کہا کہ تھنہ منڈی کی دیرینہ مانگ کو پورا کرتے ہوئے یہاںفائر سروسز اسٹیشن قائم کیا۔ انہوںنے کہا کہ تھنہ منڈی میں اے ڈی سی کی پوسٹ کو منظوری دی  جائے تاکہ لوگوں کے مسائل تھنہ منڈی میں حل کئے جائیں۔ عوام نے کہا کہ تھنہ منڈی کا علاقہ وادی کشمیر سے ملتا جلتا ہے۔انہوںنے کہا محکمہ باغبانی کے ذریعے اس علاقے میں پیکا نٹ کے علاوہ دیگر پھلدار درخت لگانے پر زور دیا جائے۔لوگوںنے کہا کہ قصبہ تھنہ منڈی کی خوبصورتی میں محکمہ جنگلات کا ایک کلوزرہے جو خوبصورتی میں اہم رول ادا کرتا ہے۔اس جنگلاتی اراضی پر گردونواح سے غیر قانونی قبضہ کیا گیا ہے جسکو فوری طور پر واگزار کیا جا ئے۔ اسکے علاوہ بجلی کی فراہمی،بڑھاپہ پنشن لگانے،سرکاری اسکولوں میں معیارتعلیم کو بلند کرنے،ژالہ باری کے متاثرین کو معاوضہ فراہم کر نے جیسے مسائل اجاگر کئے گئے۔ ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری محمد اعجاز اسد نے اس موقعہ پر ضلع کی تمام اسکول منیجمنٹ کمیٹیوں کو( ڈزالو ) تحلیل کرنے کا حکم دیتے ہوئے نئی کمیٹیاں تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے۔ انہوںنے ریونیو کمپلیکس تھنہ منڈی تعمیر نو کے لئے متعلقہ ایجنسی کو تفصیلی رپورٹ مرتب کرنے حکم دیا ہے تاکہ اسکے متعلق اعلی حکام کے ساتھ رجوع کیاجائے۔ انہوں نے محکمہ مال کو کھیل کود کے گراونڈ تعمیر کرنے کے لئے جگہ کی نشاندھی کا حکم دیااور اس علاقے میں متعدد سڑکوں کی منظوری کا اشارہ دیتے ہوئے سوڑہ پل کے کام کو دس دن کے اندر شروع کرنے کی یقین دھانی کرائی ۔ اس دوران کیمپ میں ایس ایس پی راجوری یوگل منہاس۔ ایگزیکٹیو انجینئر زبجلی۔ پی ایچ ای، سوشل ویلفیئر آفیسر محمد نصیب، اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ اختر قاضی،ہارٹیکلچر آفیسر راجوری اقبال ملک،ایس ڈی ایم تھنہ منڈی تنویر احمد خان، ایس ڈی پی او تھنہ منڈی افتخار احمد چوہدری، تحصیلدار تھنہ منڈی سمیت سنگھ ، بلاک ڈویلپمنٹ افیسر تھنہ منڈی پلانگرھ وغیرہ موجود تھے۔