سرینگر //ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر ڈاکٹر مشتاق احمد راتھر نے ضلع اسپتال پلوامہ میں ڈاکٹروں کی عدم موجودگی کی وجہ سے مریض کی موت کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات ہونے تک 4ڈاکٹروں کو معطل کردیا ہے جبکہ تحقیقات کیلئے 4رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی گئی ۔ ڈائیریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر مشتاق احمد راتھر کی جانب سے جاری کئے گئے ایک حکم نامہ زیر نمبر503-7بتاریخ یکم فروری 2022 لکھا گیا ہے کہ ضلع اسپتال پلوامہ میں مریض کی موت کی تحقیقات کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈاکٹر ہلال احمد میڈیکل آفیسر،ڈاکٹر گلزار احمد میڈیکل آفیسر، ڈاکٹر الفر نفی میڈیکل آفیسراور ڈاکٹر محمد اشرف کو فوراًمعطل کرکے ڈائریکٹر یٹ ہیلتھ سروسز کشمیر کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے۔ ادھر دیر شام گئے ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر ڈاکٹر مشتاق احمد راتھر نے زیر نمبر 508-12بتاریخ یکم فروری 2022کو جاری کئے گئے حکم نامہ میںکہا ہے کہ 31جنوری 2022کو ضلع اسپتال پلوامہ میں پیش آنے والے واقعہ کی تحقیقات کیلئے4رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے اور کمیٹی ممبران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ 2دنوں کے دوران اپنی مفصل رپورٹ جمع کریں۔ تحقیقاتی کمیٹی میں ڈپٹی ڈائریکٹر شعبہ دندان ڈاکٹر جانباز ٹنکی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر کوثر امین، کنسلٹنٹ جی این ایل ایم ناصر شمس سینئر اسسٹنٹ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز محمد سلطان کو شامل کیا گیا ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ ضلع اسپتال پلوامہ میں میونسپلٹی کے ایک ڈرائیور کادوران ڈیوٹی ہارٹ اٹیک ہوا تھا اور ملازمین نے مذکورہ ڈرائیور کو دوپہر 3بجے اسپتال منتقل کیا لیکن ڈاکٹروں کی عدم موجودگی کی وجہ سے مریض کی موت واقع ہوگئی۔
ضلع اسپتال پلوامہ میں مریض کی موت
