صومالیہ:الشباب کیخلاف کارروائی میں عام شہری ہلاک ہوئے: رپورٹ

موغادیشو // صومالیہ میں الشباب کے خلاف امریکی فضائی کارروائی میں دو شہری بھی مارے گئے۔ تفصیلات کے مطابق صومالیہ میں دہشت گردوں کے خلاف امریکی افواج کی فضائی کارروائی میں عام شہریوں کی ہلاکت سے متعلق برطانیہ کی غیر سرکاری انسانی حقوق کی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے رپورٹ تیار کی تھی،جس کی امریکی فوج نے تصدیق کردی ہے۔ خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ امریکی فورسز نے صومالیہ کی دہشت گرد تنظیم الشباب کے خلاف فضائی کارروائیوں میں ایک درجن سے زائد عام شہری بھی ہلاک جبکہ 8 زخمی ہوئے ہیں۔ دوسری جانب امریکی حکام نے ایمنسٹی انٹرنیشنل کی رپورٹ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ برس اپریل کے اوائل میں صومالیہ میں کی گئی فضائی کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے ساتھ ساتھ عام شہری بھی لقمہ اجل بنے تھے۔ برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ امریکی افواج نے ایک ہفتہ قبل انسانی حقوق کی برطانوی تنظیم کی رپورٹ کو مسترد کیا تھا۔ خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اقتدار سنبھالنے کے بعد الشباب کے خلاف کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے۔