صوفی بزرگ میاں بشیر احمد لاروی کی حیات و خدمات | پونچھ میںایک روزہ سیمینار میں عوام کی بھاری شرکت، میاں الطاف کا خطاب

عظمیٰ نیوز سروس

پونچھ //ہلابول کے زیر اہتمام ڈاک بنگلہ، پونچھ میںپدم بھوشن ایوارڈ یافتہ مرحوم میاں بشیر احمد لاروی مرحوم کی زندگی اور خدمات پر سیمینار میں لوگوں کی بھاری تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر سجادہ نشین اور سابق کابینہ وزیر میاں الطاف احمد مہمان خصوصی تھے۔ سیمینار میں پیر پنجال سے متعدد شخصیات نے شرکت کی۔ میاں بشیر احمد لاروی وانگت کنگن کے رہنے والے تھے۔ لاروی خاندان کا جموں و کشمیر میں بڑا سماجی اور مذہبی اثر و رسوخ ہے۔ انہوں نے کئی بار کنگن اور درہال سے بھی قانون سازی کی،وہ کابینہ کے وزیر بھی رہے۔ اس موقع پر خطاب کرنے والے مقررین نے قبائلی عوام کی سماجی بہتری میں میاں بشیر احمد لاروی کی خدمات کو یاد کیا۔ معاشرے میں امن، بھائی چارے اور ہم آہنگی کو برقرار رکھنے میں ان کا بے پناہ تعاون ہے۔ اس موقع پر جن مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کیا ان میں کے ڈی مینی نامور ادیب/ مورخ، ریٹائرڈ پروفیسر ایم وقار، مولانا سید حبیب، میاں ارشاد، مفتی ابراہیم مصباحی، ایاز احمد سیف، پروفیسر جہانگیر اصغر، نجمہ چوہدری شامل ہیں۔ مقررین نے صوفی بزرگ کی زندگی اور خدمات پر مقالے پیش کئے۔ انہوں نے جموں و کشمیر اور ملک کے دیگر حصوں میں ان کے سماجی، مذہبی اور سیاسی اثر و رسوخ کو بھی یاد کیا۔میاں الطاف نے لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کثیر تعداد میں شرکت پر عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم میاں بشیر لاروی کا پیغام ہم آہنگی اور پسے ہوئے لوگوں کی ترقی تھا۔ انہوں نے قبائلی عوام کی ترقی میں اپنے باپ دادا کے بے پناہ تعاون کو بھی یاد کیا۔ انہوں نے معاشرے کے لیے انکی بے لوث خدمات کی یاد دلائی۔سیمینار کی نظامت معروف اینکر پردیپ کھنہ نے کی۔ اس موقع پر مختلف سیاسی و سماجی شخصیاڈی ڈی سی چیئرمین، بی ڈی سی اراکین اور اقلیتی افراد نے بھی شرکت کی۔