صورہ اور مضافاتی علاقوں میںعوام کو مشکلات

سرینگر//سرینگر کے صورہ،نوشہرہ ،اونتہ بھون اورالٰہی باغ سمیت دیگر ملحقہ علاقوں کی اندرونی رابطہ سڑکوں،گلی کوچوں اور ذیلی سڑکوں پر ابھی تک برف جمع ہونے سے مقامی آبادی کو عبور و مرور میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق ضلع انتظامیہ سے لیکر میونسپل کارپوریشن سرینگر سے بھی کئی بار مطالبہ کیا گیا کہ جمی ہوئی برف کو صاف کیا جائے تاہم کسی نے بھی اس مسئلے کو سنجیدگی سے نہیں لیا۔صورہ،نوشہرہ،منڈبل ،اونتہ بھون ،الہی باغ، رنگہ پورہ سمیت دیگر علاقوں کی اندرونی رابطہ سڑکوں اور گلی کوچوں سے برف جمع ہونے سے عبور و مرور میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔اونتہ بھون کے ایک باشندے مسعود احمد بٹ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جنوری میں ہوئی برفباری کے بعد اگرچہ رابطہ سڑکوں پر سے برف صاف کردی گئی تاہم ابھی بھی بیشتر اندرونی رابطہ سڑکوں اور گلیوں میں برف موجود ہونے سے عبور و مرور میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے خاص کر جب سے برف جم گئی ہے تب سے بچوں، بزرگوں اور خواتین کو عبور و مرور میں زیادہ مشکلات درپیش ہیں۔ مقامی آبادی کامطالبہ ہے کہ ان رابطہ سڑکوں اور گلیوں سے برف صاف کی جائے تاکہ عبور و مرور میں آسانی ہو سکے۔