سرینگر//جمعیت اہلحدیث اور جمعیت ہمدانیہ نے شوپیان واقعہ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے واقعات نے پریشان کن صورتحال کو جنم دیا ہے۔ جمعیت اہلحدیث نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کشمیری عوام اپنے فطری حق کے لئے پر امن جدو جہد کررہے ہیں اور تاریخ گواہ ہے کسی بھی جور و جفا سے انہیں دبانے کا کو ئی حربہ کامیاب نہیں ہو سکا ہے۔جمعیت کے مطابق اس دیرینہ مسئلہ کا حل عوام کی رضا مندی سے کرنا ہو گا تا کہ اس خطے میں دیر پا امن کا قیام ممکن ہو۔ جمعیت ہمدانیہ کے ایک ہنگامی اجلاس میں شوپیان واقعہ پر گہرے تشویش کا اظہار کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ شوپیان واقعہ کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے اور یہ ہندوستان کی جمہوریت اور سیکولر ازم کے ماتھے پر ایک بد نماداغ ہے۔ جمعیت ہمدانیہ نے تمام اسلامی ممالک ،امن پسند اقوام خصوصاً یواین او کے معزز ممبران سے اپیل کی کہ وہ ہندوستان پر دباؤ ڈالیں کہ وہ کشمیر میںکشمیریوں کا خون ناحق بہانے سے روکیں ۔