صوبہ جموں میں لوک سبھاکی انتخابی مہم زوروں پر

 
جموں//صوبہ جموں میں لوک سبھاانتخابات کے پہلے دومرحلوں کے تحت 11 اور18اپریل کوہونے والی پولنگ کے پیش نظرتمام سیاسی جماعتیں ووٹروں کواپنی طرف مائل کرنے کیلئے ہرممکن کوششیں کررہے ہیں۔اب جبکہ پہلے مرحلے کے تحت 11 اپریل کوپولنگ کے لیے انتخابی مہم کے چنددن  ہی باقی بچے ہیں اس لیے تمام سیاسی پارٹیوں کی مہم روزافزوں زورپکڑرہی ہے۔جہاں ایک طرف وزیراعظم نریندرمودی اوربی جے پی کے قومی صدر نے پارٹی اُمیدواروں کی حمایت میں الگ الگ ریلیوں سے خطاب کیاوہیں کانگریس کے سینئرلیڈر غلام نبی آزاداورسابق صدرریاست اورڈوگرہ خاندان کے چشم وچراغ ڈاکٹرکرن سنگھ بھی رائے دہندگان کوکانگریس کے حق میں ووٹ دینے پر مائل کرنے کیلئے ایڑی چوٹی کازورلگارہے ہیں۔واضح رہے کہ صوبہ جموں کے دس اضلاع میں لوک سبھاکی دونشستوں پر11 اور18اپریل کوپولنگ ہوگی ۔جموں،سانبہ،راجوری اورپونچھ اضلاع جموں ۔پونچھ پارلیمانی نشست جبکہ ادہم پور،کٹھوعہ،ریاسی، رام بن ،ڈوڈہ اورکشتواڑ اضلاع ادہم پور۔ڈوڈہ پارلیمانی نشست کے تحت آتے ہیں۔دونوں نشستوں پرکانگریس اور بھاجپاکے اُمیدواروں کے مابین کانٹے کی ٹکربتائی جاتی ہے اور2014کے پارلیمانی انتخابات میں ان دونوں نشستوں پربی جے پی اُمیدوارجگل کشورشرمااورڈاکٹرجتندرسنگھ کامیاب ہوئے تھے۔اس مرتبہ بھی ڈاکٹرجتندرسنگھ اورجگل کشورشرمابھاجپاکی طرف سے اُمیدوارہیں اوران کی کانگریس کے اُمیدواروں کے ساتھ کانٹے کی ٹکرہے ،چونکہ نیشنل کانفرنس نے کانگریس کوحمایت دی ہے جبکہ پی ڈی پی نے ان دونوں نشستوں پراُمیدوارہی کھڑے نہیں کئے ہیں اوریہ کہاہے کہ وہ سیکولرووٹ کوتقسیم نہیں کرے گی تاکہ سیکولراُمیدوارکامیاب ہو۔ذرائع کے مطابق مرکزی وزیرڈاکٹرجتندرسنگھ جوادہم پور۔ڈوڈہ نشست سے بھاجپااُمیدوارہیں کامقابلہ 11 اُمیدواروں جن میں ڈاکٹرکرن سنگھ کے فرزند اورکانگریس اُمیدواروکرم ادتیہ سنگھ ،چوہدری لال سنگھ ڈوگرہ سوابھیمان سنگھٹن اورنیشنل پنتھر س پارٹی کے چیئرمین ہرش دیوسنگھ شامل ہیں۔چوہدری لال سنگھ نے بی جے پی سے دوری اختیارکرکے اپنی نئی پارٹی لانچ کی ہے اوراس مرتبہ ادہم پور۔ڈوڈہ نشست سے قسمت آزمائی کررہے ہیں۔کانگریس کی طرف سے جموں پونچھ پارلیمانی نشست سے رمن بھلہ کومیدان میں اُتاراگیاہے اوراس نشست پرکل 24 اُمیدوار ہیں جن میں بھاجپاکے جگل کشورشرمااورپنتھرس پارٹی کے سرپرست بھیم سنگھ بھی شامل ہیں۔28 مارچ کو وزیراعظم مودی نے اکھنورمیں جگل کشورشرماکی حمایت میں ریلی سے خطاب کرکے لوگوں سے بھاجپاکوووٹ دینے کی اپیل کی تھی ۔اس کے علاوہ امت شاہ نے راجوری کے سندربنی میں 3 اپریل کوجبکہ رام مادھونے بھی پونچھ اورراجوری میں بھاجپاریلیوں سے خطاب کیاتھا۔بتایاجاتاہے کہ آنے والے دنوں میں بی جے پی کے مزیدکمپینروں کا ریاست کادورہ متوقع ہے۔کانگریس ترجمان رویندرشرماکاکہناہے کہ آنے والے دنوں میں کانگریس کے قدآورلیڈربھی ریاست میں انتخابی ریلیوں میں حصہ لیں گے۔چودھری لال سنگھ ،ہرش دیوسنگھ اورپروفیسربھیم سنگھ کی طرف سے مختلف ریلیوں کاانعقادکرنے کے علاوہ گھرگھرجاکر ووٹروں سے اپنے حق میں ووٹ ڈالنے کی اپیل کی جارہی ہے۔