صوبہ جموںمیں کورونا سے مزید188متاثر | 445شفایاب،ابتک مجموعی طور2323ہلاک

 جموں//حکومت نے کہا ہے کہ پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبہ جموںمیں کورونا وائرس کے مزید188معاملات سامنے آئے ہیں تاہم کوئی نئی فوتیدگی نہیںہوئی ہے اور اس دوران445افراد شفایاب بھی ہوگئے۔حکومت کی طرف سے جاری کئے گئے روزانہ میڈیا بلیٹن میں بتایا گیا ہے کہ ضلع جموں میں67،ضلع ادھم پور میں 14،ضلع راجوری میں09،ضلع ڈوڈہ میں52،ضلع کٹھوعہ میں 20،ضلع سانبہ میں 09 ،ضلع کشتواڑ میں 06، ضلع رام بن میں10اور ضلع رِیاسی میں01نئے معاملات سامنے آئے ہیں ۔ضلع پونچھ سے کوئی کووِڈ مثبت معاملے کی رِپورٹ نہیں آئی ہے۔صوبہ جموں میں 1,851 معاملات اس وقت بھی متحرک ہیںجبکہ 2323افراد اب تک فوت ہوچکے ہیں۔ بلیٹن میں مزید کہا گیا ہے کہ اَب تک 2,24,75,603ٹیسٹوں کے نتائج دستیاب ہوئے ہیں جن میں سے 15فروری 2022کی شام تک2,20,24,273نمونوں کی رِپورٹ منفی اور 4,51,330 نمونوں کی رِپورٹ مثبت پائی گئی ہے۔علاوہ ازیں اَب تک59,91,786افراد کو نگرانی میں رکھا گیا ہے جن کا سفر ی پس منظر ہے اور جو مشتبہ معاملات کے رابطے میں آئے ہیں۔ اِن میں31,052اَفراد کو گھریلو قرنطین میں رکھا گیا ہے جس میں سرکار کی طرف سے چلائے جارہے قرنطین مراکز بھی شامل ہیں ۔4,280فراد کوآئیسولیشن میں رکھا گیا ہے جبکہ4,42,350اَفراد کو گھروں میں نگرانی میں رکھا گیا ہے۔اِسی طرح بلیٹن کے مطابق55,09,359اَفرادنے 28روزہ نگرانی مدت پوری کی ہے۔کووڈٹیکہ کاری کے بارے میں بلیٹن میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 44,564کووِڈ حفاظتی ٹیکے لگائے گئے ہیں جس سے ٹیکوں کی مجموعی تعداد 2,12,01,562تک پہنچ گئی ہے ۔اِس کے علاوہ جموں و کشمیر میںزائد اَز 18 برس عمر کی صد فیصد آبادی کو ٹیکے لگائے جاچکے ہیں۔
 
 
 

جموں ضلع کے ہسپتالوں میںکورونا وائرس کے خلاف حفاظتی انتظامات جاری 

مثبت کیسوں میں کمی کے باوجود ڈاکٹر ، پیرا میڈیکل اسٹاف میں کوئی کمی نہیں کی گئی

سید امجد شاہ
جموں// جموں ضلع کے تین بڑے کووڈ ہسپتالوں نے کورونا وائرس کے خلاف اپنے انتظامات کو کم نہیں کیا ہے حالانکہ مثبت معاملات میں تیزی سے کمی آئی ہے۔14 فروری کو جموں ضلع میں مثبت کیسوں کی تعداد 38 تھی جس میں ایک مسافر بھی شامل تھا اور ایک دن پہلے 13 فروری 2022 کو مثبت کیسوں کی تعداد 96 تھی۔ ضلع میں 24 گھنٹوں کے اندر 58 مثبت کیس کم ہوئے۔تاہم جموں کے بخشی نگر گورنمنٹ میڈیکل کالج وہسپتال کے عہدیداروں نے کہا کہ دو آئی سی یو اور ایک جنرل وارڈ ابھی بھی کام کر رہے ہیں اور ان کے پاس آئی سی یو سمیت کووڈ کیئر وارڈ میں 15 مثبت مریض داخل ہیں۔انہوںنے کہا"ہم نے تیاریوں کمی نہیںکی ہے۔ عملہ مناسب طور پر تعینات ہے اور وہ اس کے مطابق چوبیس گھنٹے کام کر رہے ہیں یہاں تک کہ کووڈ مثبت معاملات میں تیزی سے کمی واقع ہوئی ہے‘‘۔عہدیدار نے بتایا کہ آپریشن تھیٹرز اور او پی ڈیز معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں۔ان کامزیدکہناتھا "ہسپتال کے آپریشن تھیٹروں میں معمول کے آپریشن کیے جا رہے ہیں۔ مریض بھی او پی ڈی میں آ رہے ہیں" ۔دریں اثنا، ایک ٹیسٹنگ کاؤنٹر ابھی بھی جی ایم سی کے داخلی دروازے پر ان لوگوں کے لیے کام کر رہا ہے جو کووڈ 19 کے لیے اپنے نمونے لینا چاہتے ہیں۔ایک اورعہدیدارنے بتایا کہ بھگوتی نگر میں 500 بستروں والا ڈی آر ڈی او ہسپتال بھی معمول کے مطابق کام کر رہا ہے۔انہوںنے کہا"ہم نے کسی عملے کو کم نہیں کیا ہے۔ ڈاکٹر اور عملے کے ارکان ابھی بھی یہاں تعینات ہیں اور وہ کام کر رہے ہیں‘‘۔عہدیدار نے مزید کہا کہ انہوں نے کم از کم 8 کووڈ 19 متاثرہ مریضوں کو داخل کیا ہے جن میں 6 آئی سی یو میں ہیں۔نئے کیس ابھی تک آرہے ہیں۔ ڈی آر ڈی او میں کل دو مریضوں کو داخل کیا گیا ‘‘۔اسی طرح گاندھی نگر کے ایم سی ایچ ہسپتال میں جنوری کے مہینے سے لے کر 15 فروری 2022 تک اب تک 156 کووڈ 19 مثبت کیس بشمول گائناکالوجی کے 67 اور 52 بچے داخل ہوئے ہیں۔عہدیدار نے کہا کہ انہوں نے ایم سی ایچ گاندھی نگر میں کوویڈ 19 مثبت کیسوں کی 68 سرجری کی ہیں جس میں 200 بستروں والا کوویڈ 19 وارڈ ہے۔انہوںنے کہا کہ "ایم سی ایچ میں 3 مثبت کیس داخل ہیں اور اس میں 2 حاملہ خواتین بھی شامل ہیں"۔سرکاری اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے عہدیدارنے کہا کہ گزشتہ دس دنوں میں کووڈ 19 کے مثبت معاملات میں کمی آئی ہے۔
 
 
 

رام بن میں 1489 ٹیکے لگے، 3949 نمونے جمع  

کووڈ ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر27ہزار کا جرمانہ وصول

رام بن // ضلع امیونائزیشن آفیسر رام بن ڈاکٹر سریش کے مطابق محکمہ صحت نے منگل کو ضلع میں 15-17 سال کی عمر کے 1236 بچوں سمیت 1489 لوگوں کو ویکسین کی خوراکیں دی ہیں۔پورے ضلع رامبن میں کووڈ پروٹوکول کو نافذ کرنے کی مہم کو جاری رکھتے ہوئے، انفورسمنٹ ٹیموں نے چہرے کے ماسک پہنے بغیر گھومنے اور جسمانی فاصلہ برقرار نہ رکھنے پر جرمانہ عائد کیا۔انفورسمنٹ ٹیموں نے اپنے اپنے دائرہ کار میں معائنہ کے دوران 27,300 جرمانے کی رقم بطور جرمانہ وصول کی۔ انفورسمنٹ افسران نے لوگوں سے چہرے کے ماسک پہننے اور جسمانی فاصلہ برقرار رکھنے کے علاوہ اپنے قریبی کووڈ ٹیکہ کاری پر کووِڈ ویکسی نیشن کی خوراک لینے کی تاکید کی۔چیف میڈیکل آفیسررام بن ڈاکٹر محمد فرید بھٹ کی طرف سے جاری کردہ روزانہ بلیٹن کے مطابق محکمہ صحت نے 3949 نمونے اکٹھے کیے ہیں جن میں 726 آر ٹی پی سی آراور 3223آر اے ٹی نمونے شامل ہیںجبکہ اس کے علاوہ ضلع کے مختلف مخصوص ٹیکہ کاری مراکز پر 1489 افراد کو کووِڈ ویکسین دی گئی ہے۔