صوبائی کمشنر کی جھیل ڈل کے گرد و نواح میں ڈھانچے منہدم کرنے کی ہدایت

سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمدخان نے کل لائوڈا کی 109ویںاعلیٰ سطح کی میٹنگ کی صدارت کی جس میں جھیل ڈل سے منتقل ہونے والے کنبوں کے لئے پلاٹ اورنقد معاوضہ فراہم کرنے کے سلسلے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ جھیل ڈل کے علاقوں ڈول ڈیمب کار پورہ،آبی نائو پورہ ،کار پورہ ڈول ڈیمب،ڈول ڈیمب استھل ،شیخ محلہ نندہ پورہ،کھاچرو محلہ نند پورہ،کلومحلہ نندپورہ،لٹی محلہ نند پورہ،شیخ محلہ ٹنگہ خان ،آخون محلہ تکیہ لال شاہ نند پورہ،موتی محلہ نندہ پورہ،کولی محلہ،چنگا محلہ،آخون محلہ ٹک نند پورہ،رونہ محلہ، بٹ پورہ کارپورہ بابامحلہ کارپورہ، آبی نائو پورہ ،کانڈ محلہ نند پورہ اور بٹہ پورہ کے ایسے کنبوںکو معاوضہ اور پلاٹ فراہم کئے جائیں گے جن کے ڈھانچے ڈل ڈیولپمنٹ اورلائوڈا پروگرام کے تحت ہٹائے جارہے ہیں۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ جھیل ڈل کے علاقوں سے منتقل کئے جارہے کنبوں کو اُن کی ضرورت اور سہولیات کے تحت پلاٹ پیش کرنے کے بعد ہی پلاٹ فراہم کئے جائیں گے اور اس سلسلے میں پوری چھان بین اور آدھار کارڈ پیش کرنے کے بعد ہی پلاٹ  اورمعاوضہ فراہم ہوگا۔صوبائی کمشنر نے جھیل ڈل کے علاقوں سے آئے ہوئے تمام ڈھانچے منہدم کرنے کی ہدایت دی جن کے مالکان نے پہلے ہی معاوضہ حاصل کیا ہوا ہے۔میٹنگ میں اے ڈی سی سرینگر ،وی سی لائوڈا ،سیکریٹری لائوڈا، جوائنٹ کمشنرایس ایم سی اورجوائنٹ کمشنر ایس ایم سی کے علاوہ دیگر متعلقہ آفیسران بھی موجود تھے۔