صوبائی کمشنر کشمیر کا بجبہاڑہ اور اننت ناگ دورہ

اننت ناگ//صوبائی کمشنر کشمیر پانڈورانگ کے پولے نے جمعرات کو زیبہ آپا اِنسٹی چیوٹ آف انکلو سیو ایجوکیشن ( ایڈ اے آئی آئی اِی) بجبہاڑہ کا دورہ کیا اور سکولی طلباء اور عملے کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ہیومنٹی ویلفیئر آرگنائزیشن ہیلپ لائن بجبہاڑہ کے زیر اہتمام چلنے والا یہ اِدارہ جاوید احمد ٹاک نے قائم کیا ہے جنہیں حال ہی میں صدر ہند نے پدم شری سے نوازا ہے۔سکول میں جنوبی کشمیر کے تقریباً 120 جسمانی طور خاص بچے داخل ہیں ۔ صوبائی کمشنر نے اساتذہ اور سکول کے بانی کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے ضلعی اِنتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ اِدارے کی ہرطرح مدد کریں۔ زمین کے ایک ٹکڑے کی بھی نشاندہی کی گئی جو جسمانی طور خاص بچوں کے لئے کھیلوں کے خصوصی آلات سے لیس ہوگی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اننت ناگ اور تحصیلدار بجبہاڑہ نے صوبائی کمشنر کشمیر کو جانکاری دی کہ ضلع میں تمام سکول بڑے جوش و خروش کے ساتھ دوبارہ کھل گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ سکولی تعلیم نے اس بات کو یقینی بنانے کے لئے مناسب اِنتظامات کئے ہیں کہ تمام تعلیمی اِداروں میں سماجی دور اور کووڈ مناسب طرزِ عمل ( سی اے بی ) پر عمل کیا جائے۔صوبائی کمشنر نے ڈپٹی کمشنر دفتر اننت ناگ کا دورہ کیا اور زیر تعمیر دفتر کی نئی عمارت کا جائزہ لیا ۔انہوں نے متعلقہ اِنتظامی اِداروں کو ہدایت دی کہ نئی عمارت کی تکمیل میں تیزی لائی جائے۔