صوبائی کمشنر کاگوگو ہمہامہ میں ایمرجنسی آپریشن سینٹر کا معائنہ

 سرینگر//امکانی سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے صوبائی کمشنرکشمیر بصیر احمد خان نے کل ڈیزاسٹر منیجمنٹ کے تحت ضلع سرینگرمیں تحصیل اورضلع سطح پر فرضی مشقوں کا اہتمام کرنے کیل ئے ترقیاتی کمشنر سرینگر کو ہدایت دی ہیں۔صوبائی کمشنر نے یہ ہدایا ت کل ایک میٹنگ کے دوران دیں جس میں سرینگر میں امکانی سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے اقدامات کاجائزہ لیا گیا۔صوبائی کمشنر نے متعلقہ آفیسران کو دستیاب وسائل ،افرادی قوت کی دستیابی،نشیبی علاقوں، سیٹلائٹ فون،ریت کے تھیلوں کی دستیابی، جے سی بیز،ایمبولینسز،ڈی واٹرنگ پمپوں،متاثرہ لوگوں کی منتقلی کے منصوبے، غذائی اجناس کے سٹاک،نوڈل آفیسران کی فہرست ،کشتیوں  کی دستیابی اورکنٹرول روموں کے قیام کے بارے میں مفصل جانکاری کی فہرست تیار کرنے کی ہدایت دی۔انہوںنے ڈیزاسٹر منیجمنٹ ٹریننگ کے لئے راجدھانی شہر سرینگر میں مزید رضاکاروں کی نشاندہی کرنے کی ہدایت دی۔اس موقعہ پر صوبائی کمشنر نے محکمہ آبپاشی فلڈ کنٹرول محکمے کے لئے واٹر ماسٹر کریوسی بوٹ خریدنے کے لئے 2.50کروڑ روپے واگذار کئے۔دریں اثنأ صوبائی کمشنر نے گوگوہمہامہ میں ای او سی کا دورہ کیا ۔جس دوران انہوںنے فلڈ ایمرجنسی آپریشن سینٹر میں کسی امکانی سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیاریوں کا جائزہ لیا۔انہوںنے ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے متصل فلڈ ریلیف سینٹر کا بھی معائنہ کیا جس میں مردوزن کے لئے علیحدہ عارضی رہائشی سہولیات اور بیت الخلأ دستیاب رکھے جارہے ہیں اس کے علاو ہ اس سینٹر میں راشن اور ادویات کی دستیابی کو بھی یقینی بنایا جارہا ہے۔