صوبائی کمشنر نے مارکیٹ چیکنگ کی پیش رفت کاجائز ہ لیا

سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمدخان نے وادی کے ضلع ترقیاتی کمشنروں کے ساتھ منعقدہ ایک میٹنگ کے دوران مارکیٹ چیکنگ کی پیش رفت ،اشیاء خوردنی کی دستیابی ،بجلی اور پانی کی سپلائی اورصفائی ستھرائی کا جائز ہ لیا۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ پلوامہ میں قصورواردکانداروں پر 15000کاجرمانہ عائد کیا گیا اور10دکانیں سربمہر کی گئیں۔کولگام میں 200دکانوں اورکاروباری اداروں کے خلاف کارروائی کے دوران 7000روپے کا جرمانہ وصول کیا گیا جبکہ اننت ناگ ،بانڈی پور ہ اور سرینگر ضلع میں بھی اسی طرح کی کارروائیاں عمل میںلائی گئیں۔ترقیاتی کمشنروں نے میٹنگ میں بتایا کہ اُن کے متعلقہ اضلاع میں راشن،ایل پی جی اورپٹرولیم مصنوعات کا اطمینان بخش سٹاک موجود ہے۔میٹنگ میںمزید بتایا گیا کہ اینمل اینڈ شیپ ہسبنڈری محکموں کے فارموں میں20لاکھ مرغ اور85000بھیڑ دستیاب ہیں۔اس دوران صوبائی کمشنر نے ایس ایم سی حکام کو صفائی ستھرائی کی طرف ٹھوس توجہ مبذول کرنے کی ہدایت دی۔میٹنگ میں ایڈیشنل کمشنرکشمیر اورسرینگر وشوپیان کے ضلع ترقیاتی کمشنروں کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے جبکہ تمام ضلع ترقیاتی کمشنروں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔