صوبائی کمشنر نے دربار ُموانتظامات کاجائزہ لیا

سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے افسران کی ایک میٹنگ میں دربار مو کے سلسلے میں اِنتظامات کا جائزہ لیا۔جموں میں مو دفاتر26اپریل کو بند ہوں گے اور سرینگر میں6؍مئی کو دوبارہ کھلیں گے۔میٹنگ کے دوران صوبائی کمشنر نے دربار مو ملازمین کیلئے رہائشی سہولیات کے علاوہ سرکاری کواٹروں میں صفائی ستھرائی کیلئے کئے جارہے انتظامات کاجائزہ لیا۔میٹنگ کے دوران بتایا گیا کہ مو ملازمین کیلئے مختلف کالونیوں اورہوٹلوں میں سہولیات دستیاب رکھنے کیلئے محکمہ اسٹیٹس نے کئی ٹیموں کو تعینات کیا ہے جبکہ متعلقہ محکموں کو سرکاری کواٹروں میں مرمت کا کام مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی۔اس کے علاوہ محکمہ پھولبانی کو شہر سرینگر کو جاذب نظر بنانے کے لئے لازمی اقدامات کرنے اور ایم اے روڑ پر فواروں کو چلانے کی ہدایت دی گئی۔صوبائی کمشنر نے پولیس کو سیکریٹریٹ اورملازمین کے رہائشی کواٹروںمیں حفاظتی بندوبست کو حتمی شکل دینے کے احکامات صادر کئے۔