صوبائی کمشنر نے ادھم پور میں سرمائی کنٹرول رومز کا اچانک معائنہ کیا

ادھم پور//صوبائی کمشنر جموں ڈاکٹر راگھو لانگر نے بدھ کی رات دیر گئے ضلع اودھم پور میں قائم سرمائی کنٹرول رومز کے کام کاج کا اچانک معائنہ کیا اور موجودہ خراب موسمی حالات میں کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے کئے گئے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ اپنے دورے کے دوران صوبائی کمشنر نے کنٹرول رومز بشمول ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹر ، جے پی ڈی سی ایل (پی ڈی ڈی) جل شکتی ، آر اینڈ بی اور پولیس کنٹرول رومز کا معائنہ کیا اور رات کے اوقات میں ان کے کام کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ڈی سی دفتر کے اندر واقع ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹر میں ڈیوٹی کرنے والے عملے کے ساتھ بات چیت کی اور کال لاگ کو برقرار رکھنے کا جائزہ لیا۔ ڈی ای او سی کے کام میں کچھ خامیاں پائی گئیں۔ صوبائی کمشنر نے کنٹرول روم کے ذریعے کووِڈ پازیٹیو مریضوں/رابطوں/مسافروں کی ٹریکنگ میں بہتری لانے کی ہدایت کی کیونکہ ضلع میں کووڈ سے متعلق مانیٹرنگ بھی ڈی ای سی او کے ذریعے کی جا رہی ہے۔پولیس لائنز کے دورے کے دوران، ڈی وی کام نے پولیس کنٹرول روم، ادھم پور کے کام کی تعریف کی اور ڈی وائی ایس پی ڈی اے آر اور ڈیوٹی پر موجود عملے کو ان کی چوکسی کے لیے سراہا۔ ڈیوٹی پر موجود عملے نے ٹی ایم ایس اور گاڑیوں کے ٹریکنگ سسٹم کے کام کے بارے میں بھی بتایا۔