صوبائی کمشنرکا ڈل جھیل کی اندرونی بستیوں کا دورہ کاچری محلہ میں خوبصورتی بڑھانے کے منصوبے کا معائنہ

عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر// صوبائی کمشنر کشمیر وجے کمار بدھوری نے ہفتہ کو ڈل جھیل کی اندرونی بستیوں کا وسیع دورہ کیا تاکہ ماحولیات کی ترقی اور کاچری محلہ میں LCMAکی طرف سے کئے گئے خوبصورتی کے کاموں کا معائنہ کیا جا سکے۔صوبائی کمشنر کے ہمراہ ایل سی ایم اے کے وائس چیئرمین ڈاکٹر بشیر احمد بٹ، کمشنر ایس ایم سی اطہر عامر اور ایل سی ایم اے کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔

 

اپنے دورے کے دوران صوبائی کمشنر نے سیوریج لائن اور پارکوں کی ترقی کیلئے خوبصورتی کے کاموں، پانی کی نقل و حمل کیلئے ڈریجنگ، واک ویز اوردیگر کاموںکا معائنہ کیا۔اس موقع پر انہوںنے ماحولیات کی ترقی کی مختلف سرگرمیوں کا معائنہ کیا اور متعلقہ افسران کو کاموں کو تیز کرنے کی ہدایت دی۔ وجے کمار نے بستیوں کو روشن کرنے کے علاوہ اسٹریٹ لائٹس کو فعال بنانے کی ہدایت دی۔انہوں نے کچری محلہ کو نہرو پارک سے جوڑنے والے راستوں کی کھدائی اور راستوں کو کھولنے پر زور دیا۔انہوں نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں اور پلاسٹک کے کچرے کو ٹھکانے لگانے کا مناسب نظام کریں۔ انہوں نے بتایا کہ اپنے اردگرد کو صاف ستھرا رکھنا شہریوں کی سماجی ذمہ داری ہے۔انہوں نے ان سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی چھتوں اور دیواروں کو پینٹ کریں تاکہ علاقے کی جمالیات میں اضافہ ہو۔اس سے پہلے مکینوں نے ڈویژنل کمشنر اور دیگر افسران کا پرتپاک استقبال کیا اور ان کے مطالبات اور مسائل کو حل کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ خوبصورتی کے کاموں کی وجہ سے سیاحوں کی آمد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔بعد اذاں صوبائی کمشنر نے افسران کے ساتھ واک وے کے لیے نشاط ستھو کی اپ گریڈیشن کے عمل کا جائزہ لیا۔