صوبائی کمشنرکا دورۂ شہر

 سرینگر //صوبائی کمشنر کشمیر بصیرا حمد خان نے سنیچر کو شہر سرینگر کے متعدد علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا۔انہوںنے جہانگیر چوک ،بڈشاہ چوک ،لال چوک،ایم اے روڈ،پولوویو،راجباغ،جواہر نگر،سولنہ،راجباغ ،برزلہ،نیوسیکریٹریٹ روڈ اوردیگر علاقوں میں چھوٹی بڑی سڑکوں سے برف ہٹانے کے کام کاجائز ہ لیا۔اس موقعہ پر ایس ایم سی اورایم ای ڈی کے آفیسران نے صوبائی کمشنر کو بتایا کہ شہر میں اہم سڑکوں پر سے برف ہٹانے کیلئے افرادی قوت اور مشینری کو کام پر لگایا گیا ہے۔پی ڈی ڈی ،پی ایچ ای،خوراک،امور صافین وعوامی تقسیم کاری،فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز اور دیگر متعلقہ محکموں کی بحالی کے لئے علاوہ اشیاء ضروریہ کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔صوبائی کمشنر نے موسم سرما کے دوران کسی بھی امکانی صورتحال سے نمٹنے کے لئے آفیسران کو قریبی تال میل کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت دی۔بعدمیں صوبائی کمشنر نے جی پی پنتھ ہسپتال سونہ وار،بون اینڈ جوائنٹ ہسپتال اورشہر کے کئی دیگر ہسپتالوں کا اچانک دورہ کیا اوران طبی اداروں میں مریضوں کے لئے طبی سہولیات اورصفائی ستھرائی کے علاوہ گرمی کے انتظامات کاجائزہ لیا۔اس دوران انہوںنے ہسپتالوں کے وارڈوں لیبارٹری اوردیگر ڈائیگوناسٹک یونٹوں کا بھی معائنہ کیا اور مریضوں کے علاوہ تیمارداروں کے ساتھ بھی بات چیت کی۔صوبائی کمشنر نے ہسپتال انتظامیہ ،ڈاکٹروں اور نیم طبی عملے پر مریضوں کو مزید بہتر خدمات فراہم کرنے کے لئے لگن اور تندہی سے کام کرنے پر زوردیا۔اس دوران انہوں نے شیر کشمیر اسٹیڈیم سونہ وار کا تفصیلی دورہ کیا اور یہاں 70ویں یوم جمہوریہ کی تقریبا ت کے سلسلے میں ہورہی تیاریوں کا جائزہ لیا۔صوبائی کمشنر نے اسٹیڈیم میں اُس جگہ کا معائنہ کیا جہاں مہمانِ خصوصی قومی جھنڈا لہرائیں گے اورمارچ پاسٹ پر سلامی لیں گے۔انہوںنے ایک ٹیم کے ہمراہ پورے اسٹیڈیم کا بھی معائنہ کیا تاکہ تقریبات کا احسن اور خوش اسلوبی سے انعقاد یقینی بن سکے۔ناسازگار موسمی حالات کے پیش نظر صوبائی کمشنر نے محکمہ میکنیکل انجینئرینگ ،ایس ایم سی،فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز،پی ڈی ڈی اور آر اینڈ بی کے آفیسران کے علاوہ ڈیزاسٹر منیجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے رضاکاروں پر مشتمل ڈیزاسٹر منیجمنٹ گروپ کا قیام عمل میںلایا جو کہ اسٹیڈیم میںروزانہ بنیادوں پر برف ہٹانے کے علاوہ دیگر اقدامات کرے گا تاکہ تقریب  کے دوران کوئی ناپسندیدہ واقعہ رونما نہ ہوسکے۔