صوبائی پولیس سربراہ کاہندوارہ دورہ

ہندوارہ//صوبائی پولیس سربراہ کشمیر وجے کمارنے ہندوارہ کا دورہ کر کے سیکورٹی انتظامات کے بارے میں مفصل جانکاری حاصل کی ۔ پولیس نے ایک بیان میں کہاکہ انسپکٹر جنرل پولیس کشمیرزون وجے کمارنے پولیس اور سی آر پی ایف کے سینئر افسران کی مشترکہ سیکورٹی میٹنگ میں حفاظتی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایس ایس پی ہندواڑہ نے آئی جی پی کشمیر کو موجودہ سیکورٹی صورتحال، دراندازی کے حالیہ رجحان، موجودہ سیکورٹی تال میل، آپریشنل پہلوؤں اور پولیس ضلع میں چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنائے جانے والے دیگر اقدامات کے بارے میں مکمل جانکاری فراہم کی۔آئی جی پی کشمیر نے افسران کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے ان پر زور دیا کہ وہ اپس میں سیکورٹی تال میل کو مضبوط کریں اور زمینی سطح پر کام کرنے والی ایجنسیوں کے درمیان ہم آہنگی اور تال میل کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے مخصوص انٹلی جنس پیدا کرکے جنگجو مخالف کارروائیوں کو تیز کرنے اور ضلع میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لئے تمام طرح کے اقدامات کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ جنگجوئوں کے ساتھیوں پر نظر رکھیں اور ان کے خلاف قانون کے تحت تمام ضروری اقدامات کریں۔اس کے علاوہ، آئی جی پی کشمیر نے منشیات کی وباء کے مختلف ماڈیولز پر سخت تشویش کا اظہار کیا اور افسران کو ہدایت دی کہ وہ منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کو یقینی بنائیں۔