سرینگر// محکمہ عمومی انتظامی( جنرل ایڈمنسٹریشن) نے صوبائی اور ضلع ترقیاتی کمشنروںکے اختیارات کا جائزہ لینے کے لئے8 ممبران کمیٹی تشکیل دی۔جنرل ایڈمنسٹریشن محکمہ کی جانب سے جاری ایک آرڈر میں کہا گیا ہے’’جموں و کشمیر میں موثر نظم و نسق کیلئے مختلف محکموں کے ضلعی عملے کے حوالے سے صوبائی اور ضلع ترقیاتی کمشنروں کے اختیارات کا جائزہ لینے کے لئے کمیٹی کے قیام کیلئے منظوری دی جاتی ہے‘‘۔ حکم نامہ کے مطابق اس کمیٹی کی سربراہی کمشنر سکریٹری عمومی انتظامی محکمہ کرینگے جبکہ کمیٹی میں دیگر 7 دیگر ممبران بھی شامل ہونگے،جن میں میں کمشنر سیکرٹری ٹرانسپورٹ،دونوں صوبوں کے صوبائی کمشنر ، کمشنر سکریٹری محکمہ امور صارفین وسول سپلائیز ، سیکرٹری اطلاعات، سیکریٹری قانون ، انصاف اور پارلیمانی امور اور محکمہ مال کے پرنسپل سکریٹری شامل ہیں۔یہ کمیٹی اضلاع میں تعینات مختلف محکموں کے عملہ کے حوالے سے ڈویژنل کمشنروں اور ڈپٹی کمشنروں کے موجودہ انتظامی اختیارات کا جائزہ لے گی ، جن میں محصول ، دیہی ترقی ،تعمیرات عامہ، جل شکتی ، محکمہ صحت اور سماجی بہبود شامل ہیں۔کمیٹی بہتر حکمرانی کی فراہمی کے لئے صوبائی کمشنروں اور ضلع ترقیاتی کمشنروںکے کردار کو مزید تقویت دینے کے لئے اختیارات میں ترمیم کی سفارش کرے گی۔ کمیٹی عمومی انتظامی محکمہ کے ذریعہ خدمات انجام دے گی اور 16 اپریل 2021 تک اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔