جموں//صنعت و حرفت محکمہ کے کمشنر سیکرٹری منوج کمار دِویدی نے کچھ محکموں اور کارپوریشنوں کے سربراہوں کی ادھیوگ بھون جموں میں میٹنگ طلب کر کے صنعتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔منوج کمار دویدی نے لاک ڈائون کے نتیجے میں صنعتوں اور کاریگروں کے درپیش مسائل کا جائزہ لیا۔ انہوں نے افسروں پر زور دیا کہ وہ مرکزی حکومت کی فلاحی سکیموں کے فوائد مستحق کاریگر وں اور صنعت کاروں تک پہنچانے کو یقینی بنائیں۔جموں اور کشمیر کے ناظمین صنعت نے کووِڈ۔19کے دوران ضابطوں کے تحت بحال کی گئی مخصوص صنعتی سرگرمیوں کے بارے میں جانکاری دی۔اُنہوں نے صنعتی سرگرمیاں جاری رکھنے کے عمل میں متعلقین کو درپیش مسائل بھی کمشنر سیکرٹری کی نوٹس میں لائے۔ہینڈ لوم اینڈ ہینڈی کرافٹس محکمہ کے ڈائریکٹر کے علاوہ ہینڈ لوم کاپوریشن کے ڈائریکٹر نے جانکاری دی کہ سری نگر اور جموں میں کچھ صنعتی یونٹ ماسک تیار کر رہے ہیں اور اب تک ایک لاکھ سے زائد ماسک تیار کر کے تقسیم کئے گئے ہیں۔کے وی آئی بی کے سیکرٹری نے جانکاری دی کہ بورڈ کی جانب سے تقریباً چار لاکھ ماسک تیار کر کے متعلقین کو فراہم کئے گئے ہیں ۔ جیالوجی اینڈ مائننگ محکمہ ڈائریکٹر نے کہا کہ کچھ جگہوں پر غیر قانونی کان کنی کی رپورٹیں موصول ہوئی ہیں اور متعلقہ کی انتظامیہ کو ضروری کارروائی کرنے کے لئے کہا گیا ہے ۔سیڈ کو کے منیجنگ ڈائریکٹر اور سیکاپ کے ایم ڈی نے جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے بیشتر صنعتی بستیوں کی فیو مگیشن کی گئی ہے اور رنگریٹ و لاسی پورہ میں صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھا جارہا ہے اور یہاں کچھ عمارتیں کورنٹین سہولیات کے لئے استعمال کی جارہی ہے ۔کمشنر سیکرٹری نے کہا کہ مزدوروں کی دستیابی کی صورت میں مختلف مقامات پر تعمیراتی کام شروع کیا جانا چاہیئے تاہم اُنہوں نے کووِڈ کی صورتحال کو نظر میں رکھتے ہوئے تمام طرح کی احتیاط برتنے کی ہدایت دی۔دریں اثنا ٹی پی او کے منیجنگ ڈائریکٹر نے لاک ڈاون کے دوران کئے گئے کاموں کی تفصیلات پیش کیں۔منوج کمار دویدی نے متعلقہ سربراہوں کو ہدایت دی کہ وہ دردست لئے جانے والے پروجیکٹوں کے لئے زمین حاصل کرنے کے تعلق سے تفصیلات تیار کریں۔اُنہوں نے صنعتکاروں کے مابین کووِڈ۔19کے بارے میں جانکاری عام کرنے کے لئے سوشل میڈیا کے اِستعمال اور اُن کو آرگیاسیتو ایپ ڈاون کرنے کی صلاح دینے کے لئے کہا۔اُنہوں نے کہا کہ ریڈ زون میں رہنے والے عملے کو گھر سے کا کرنے کے لئے کہا جانا چاہیئے۔میٹنگ میں سیڈ کو کے منیجنگ ڈائریکٹر رویندر کمار ،ناظم صنعت و حرفت جموں انو ملہوترا ، ڈائریکٹر جیالو جی اینڈ مائننگ وِکاس شرما، ڈائریکٹر ہینڈ ی کرافٹس مسرت الاسلام ، ڈائریکٹر منرلز وِکرم گپتا ، منیجنگ ڈائریکٹر ہینڈی کرافٹس کارپوریشن حشمت علی اور دیگر اَفسران موجود تھے۔ڈائریکٹر صنعت و حرفت کشمیر محمود احمد شاہ ، منیجنگ ڈائریکٹر جے اینڈ کے سیمنٹس اشتاق حسین درابو اور سیکرٹری کے وی آئی بی رشید احمد قادری نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔
صنعت وحرفت کے ادارے پیش پیش ،لاکھوں کی تعداد میں ماسک تیار
