صفا کدل میں پولیس دربار | منشیات کا قلع قمع کرنے پر زور

سرینگر //صفا کدل پولیس تھانہ میں پولیس پبلک میٹنگ کا انعقاد عمل میں لایا گیا ۔ ایس ڈی پی او ایم آر گنج کی سربراہی میں منعقدہ اس میٹنگ کے دوران ایس ایچ او صفا کدل ، انچارج پولیس پوسٹ باغیاث اور نور باغ بھی موجود تھے۔ میٹنگ میں آس پاس علاقوں سے تعلق رکھنے والے معزز شہریوں نے عوامی اہمیت کے مسائل اُبھارے اور منشیات کا قلع قمع کرنے پر زور دیا۔پولیس آفیسران نے میٹنگ میں موجود لوگوں کو یقین دلایا کہ اُن کے جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی سعی کی جائے گی تاکہ اُنہیں درپیش مسائل کا ازالہ ہوسکے۔ سماج میں پھیلی بُرائیوں اور منشیات کا قلع قمع کرنے کی خاطر پولیس آفیسر نے میٹنگ میں شریک لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اُنہیں اپنا دستِ تعاون فراہم کریں تاکہ سماج میں پنپ رہے دیگر جرائم کو بھی جڑ سے اکھاڑ پھینک دیا جاسکے۔