صفاپورہ میں سوموڈرائیوروں کی خود سری، ازخود کرایہ میں اضافہ کیا

گاندربل//صفاپورہ سے بانڈی پورہ اور صفاپورہ سے گاندبل روٹوں پر چلنے والی سوموگاڑیوں کے ڈرائیوروں نے ازخود کرایہ میں اضافہ کیا ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق صفاپورہ سے گاندربل تک حکومت کی طرف سے30 روپے کرایہ مقرر کیاگیا ہے،جبکہ صفاپورہ سے بانڈی پورہ تک مقررہ کرایہ50روپے ہیں۔لوگوں نے الزام لگایا کہ سوموڈرائیوروں نے صفاپورہ سے گاندربل تک کرایہ میں ازخود10روپے کا اضافہ کرکے40روپے وصولنے شروع کئے ۔اسی طرح صفاپورہ سے بانڈی پورہ تک کے کرایہ میں بھی من مانے طور20روپے کااضافے کیا گیا اور اب ڈرائیور صفاپورہ بانڈی پورہ سفر کیلئے70روپے وصول کرتے ہیں۔اس سلسلے میں اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ افسرگاندربل نے کہا کہ کرایہ میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا ہے اور جو کوئی بھی ڈرائیور زیادہ کرایہ وصول کرنے کا مرتکب پایا جائے گا اُس کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔