صفائی کرمچاریوں کو اُجرت کی عدم ادائیگی

جموں//ریاستی حقوق کمیشن کے چیئرپرسن جسٹس بلال نازکی نے بانڈی پورہ ضلع میں صفائی کرمچاریوں کو اُجرتیں فراہم نہ کرنے کے معاملے کا نوٹس لیا ہے۔ایک ٹی وی چینل پر 8؍ مارچ کو پیش ہوئے نیوز بلیٹن میں بانڈی پور ہ ضلع کے مختلف سکولوں میں کام کر رہے صفائی کرمچاریوں کو اجرتیں فراہم نہ کرنے کا معاملہ اٹھایا گیا تھا ۔ کمیشن نے اس نیوز رپورٹ کا نوٹس لیتے ہوئے مذکورہ ٹی وی چینل سے ان صفائی کرمچاریوں کی فہرست طلب کی ہے۔کمیشن کے حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ کمیشن کو ایسی رپورٹیں ملی ہیں کہ بانڈی پورہ کے مختلف سکولوں میں صفائی کرمچاریوں کو 25روپے سے لے کر 100روپے فی ماہ کی اجرت پر کام پر لگایا گیا ہے۔کمیشن نے کہا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ یہ انسانی حقوق کی سخت خلاف ورزی ہے۔حکمنامے میں کہا گیاہے کہ ناظم تعلیم جموں اور کشمیر کو ایک نوٹس بھیجی جائے جو ریاست کے مختلف سکولوں میںایسی اُجرتوں کے عوض کام پر لگائے گئے ہیں جو کم سے کم ویجز ایکٹ سے بھی کم ہے ۔انہیں چار ہفتوں کے اندر رِپورٹ پیش کرنے کے لئے کہا گیا ہے۔