صدر کمیشن کی سفارشات لوٹانے کیلئے جرات کا مظاہرہ کریں :آشوتوش

نئی دہلی// فائدہ کے عہدہ معاملہ میں 'آپ' کے 20 ممبران اسمبلی کی رکنیت ختم ہو جانے سے ناراض عام آدمی پارٹی نے اس معاملہ صدر رام ناتھ کووند پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس بارے میں الیکشن کمیشن کی جانب سے کی گئی سفارشات واپس کرنے کے لئے جرات کا مظاہرہ کریں۔ پارٹی کے ترجمان آشوتوش نے آج ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ''امید کرتے ہیں کہ صدر محترم کو یہ معلوم ہو گا کہ سابق صدر کے آر نارائنن نے آئین کے سرپرست کے طور پر اہم رول اداکرتے ہوئے مرکزی کابینہ کی سفارشات کو ایک بار نہیں دو بار لوٹایا تھا۔ انہوں نے ایک 'ربڑ کی مہر' کی طرح نہیں بلکہ اپنے حقوق کے مکمل استعمال کرنے والے ایک عظیم صدر کی طرح کام کیا تھا''۔ فائدہ کے عہدہ معاملہ میں الیکشن کمیشن کی سفارشات کی بنیاد پر اسمبلی کی رکنیت کے نااہل ٹھہرائے گئے 'آپ 'کے 20 ممبران اسمبلی میں دہلی کے وزیر ٹرانسپورٹ کیلاش گہلوت اور چاندنی چوک سے پارٹی کی رکن اسمبلی الکا لامبا بھی شامل ہیں۔ الیکشن کمیشن نے ' آپ' کے 20 ممبران اسمبلی کی رکنیت ختم کرنے سے متعلق سفارش جمعہ کو صدر کے پاس منظوری کےلئے بھیجی تھی جسے اتوار کو قبول کر لیا گیا۔یو این آئی