جموں//اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے کہا ہے کہ جموںوکشمیر کے نوجوانوں نے اپنی پارٹی کے غیر فرقہ وارانہ اور صداقت پر مبنی سیاست کی حمایت کی ہے۔ پارٹی دفتر گاندھی نگر میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اپنی پارٹی نے اُن علاقوں میں زمینی سطح پر حمایت حاصل کی ہے جوکہ ترقیاتی سرگرمیوں کے حوالے سے دہائیوں تک نظر انداز رہے ہیں۔اس پرگرام کا اہتمام ضلع جنرل سیکریٹری جموں اربن اتول شرما اور ریاستی کارڈی نیٹر یوتھ آؤٹ ریچر پروگرام اور کیپسٹی بلڈنگ طارق محی الدین نے کیاتھا۔ انہوں نے اپنی پارٹی میں شامل ہونے والے نوجوانوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے اُمیدظاہر کی کہ پارٹی مزید مضبوط ہوگی۔ انہوں نے نوجوانوں سے کہاکہ وہ پارٹی کے پیغام کو زیادہ سے زیادہ عام کریں تاکہ روشن مستقبل کے لئے لوگ اِس تحریک کا حصہ بنیں۔ جنہوں نے اپنی پارٹی میں شمولیت کی اِن میں نتن شرما، وکاس، آشش، وکاس ، انکوش، ہمانشو ، شیتجی وغیرہ قابل ِ ذکر ہیں۔ انہوں نے کہا’’ جموں صوبہ میں ترقیاتی سرگرمیوں کے حوالے سے جانبدارانہ رویہ نے لوگوں کو دیگر علاقہ جات کی طرح یکساں سلوک کے لئے وہ آئینی حقوق سے محروم رہے۔ اپنی پارٹی بلا امتیاز لوگوں کی اقتصادی، سماجی اور سیاسی ترقی کی وعدہ بند ہے‘‘۔انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کی شمولیت یہ ظاہر کرتی ہے کہ پارٹی کا غیر فرقہ وارانہ اور صداقت پر مبنی ایجنڈہ اُنہیں متاثر کر رہا ہے اور وہ امن اور خوشحالی کے لئے اِس تحریک کا حصہ بن رہے ہیں۔ الطاف بخاری نے کہا’’ہم سماج کے کسی بھی طبقہ کے ساتھ کسی بھی قسم کے امتیازی سلوک کی سخت مخالفت کرتے ہیں اور ہم سبھی خطوں کے لوگوں کو ترقی اور روزگار حاصل کرنے کے لئے یکساں مواقعے فراہم کرنے کے وعدہ بند ہیں۔ اپنی پارٹی دونوں خطوں کے اتحاد پر یقین رکھتی ہے اور وہ جو ذات، نسل، علاقہ اور مذہب کی بنیاد پر طبقوں کے درمیان خلاء پیدا کرنا چاہتے ہیں، اُن کی ہم سخت مذمت کرتے ہیں‘‘۔اس تقریب میں سنیئر نائب صدر غلام حسن میر، سابقہ کابینہ وزیر اور سنیئرلیڈر دلاور میر، ریاستی جنرل سیکریٹری وکرم ملہوترہ، صوبائی صدر منجیت سنگھ، صوبائی نائب صدر سابقہ ایم ایل اے فقیر ناتھ، صوبائی سیکریٹری ڈاکٹر روہت گپتا، صدر اپنی ٹریڈ یونین اعجاز کاظمی، ایس سی ریاستی کارڈی نیٹر بودھ راج بھگت، نائب صدر یوتھ ونگ رقیق احمد خان، صوبائی صدر لیگل سیل وکرم راٹھور، ضلع نائب صدر جموں اربن وائی بہو مٹو، صوبائی صدر یوتھ ونگ وپل بالی، ضلع سیکریٹری محمد آصف، سلمان، محمد اشرف ، ابھشیک گوسوامی، آرگنائزنگ سیکریٹری دیپک براڈو، پارٹی لیڈر ارون چبر وغیرہ بھی موجود تھے۔