صدارتی انتخابات دروپدی مرمو نے پرچہ نامزدگی داخل کیا

 

نئی دہلی//یو این آئی// نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے ) کی صدارتی امیدوار دروپدی مرمو نے جمعہ کو وزیر اعظم نریندر مودی اور کئی سینئر لیڈروں کی موجودگی میں پارلیمنٹ ہاؤس میں اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔مسز مرمو ٹھیک 12.30 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں راجیہ سبھا سکریٹری جنرل کے دفتر پہنچیں اور چار سیٹوں میں صدارتی انتخاب کے لیے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔اس موقع پر مسٹر مودی کے علاوہ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ، پارلیمانی امور کے وزیر اور کئی مرکزی وزراء اور این ڈی اے حلقوں کے لیڈران بھی ان کے ساتھ موجود تھے ۔ محترمہ مرمو کی نامزدگی کے وقت بیجو جنتا دل اور وائی ایس آر کانگریس اور کئی دیگر جماعتوں کے قائدین بھی موجود تھے ۔ وزیر اعظم مودی وزیر دفاع سنگھ اور بی جے پی پارلیمانی بورڈ کے ارکان کے نام پہلے سیٹ میں تجویز کنندگان کے طور پر درج ہیں۔ پرچہ نامزدگی داخل کرنے سے پہلے مسز مرمو نے جو لائبریری بلڈنگ، پارلیمنٹ ہاؤس پہنچیں، دیگر قائدین کے ساتھ کاغذات نامزدگی سے متعلق دستاویزی رسمی کارروائیوں کو مکمل کیا۔