صحت کیلئے دار چینی کے فوائد | طب کی دنیا سے

دارچینی دراصل ایک خاص درخت کا چھلکاہے اور یہ درخت جزائر شرق الہند میں پائے جاتے ہیں۔ دارچینی کے بغیر مسالے پورے نہیں ہوتے، یہاں تک کہ اس کے پتے بھی مسالے کے طورپر استعمال ہوتے ہیں۔ دارچینی ادویات میں بھی استعمال کی جاتی ہے ، زمانہ قدیم میں عرب لوگ اس کی تجارت سے مالا مال ہو جاتے تھے۔ دارچینی کو مہنگا فروخت کرنے کیلئے قدیم یونانی تاجر ایک افسانہ گھڑتے تھے کہ دارچینی ایک cinnamologus نامی پرندے کے گھونسلے سے ملتی ہے جوجزائر عرب میں ایسے انجان اور دور دراز علاقے میں اپنا گھونسلہ بناتا ہے، جہاں پہنچنا انتہائی دشوار ہوتا ہے۔ 
ارسطو کے ہاں ا س پرندے کا نام kinnamômon orneonملتاہے۔ دارچینی کے درخت صدیوں سے بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش اور میانمار میں پائے جاتے ہیں، آج کے زمانے میں اس کی کاشت ویت نام، انڈونیشیا اور جنوبی ایشاکے ان ممالک میں ہوتی ہے جہاں ا?ب وہوا گرم مرطوب ہوتی ہے۔ آج بھی دنیا اس کے طبی فائدے کو مانتی ہے۔ دارچینی کی دو اقسام ہیں، ایک Ceylon Cinnamon ہے، جسے اصل دارچینی کہتے ہیں، دوسری Cassia Cinnamon ہے ،جو ہم لوگ استعمال کرتے ہیں اور یہ عام دستیاب ہے۔ اس کے فوائد درج ذیل ہیں :
اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور
ہمارے جسم میں مضر اجزاء وافر مقدار میں موجود ہوتے ہیں، جن کے خلاف جدوجہد کرنے کیلئے ہمیں اینٹی آکسیڈنٹس کی ضرورت ہوتی ہے، جو دراصل ایسے مالکیولز کو پیدا ہونے سے روکتے ہیں جو ہمارے جسم کیلئے نقصان دہ ہوتے ہیں۔ دارچینی ایسے اینٹی آکسیڈنٹس جیسے کہ پولی فینولز (Polyphenols) سے بھرپور ہوتی ہے جوہمارے لیے فائدہ مند ہوتے ہیں۔ ایک تحقیق کے مطابق 26مسالوں میں جب اینٹی آکسیڈنٹس کی موجودگی کا مقابلہ ہوا تو دارچینی واضح طور پر فاتح ٹھہری ، یہاں تک کہ اس نے سپر فوڈ ادرک کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔
دل کے امراض میں کمی
بلند فشار خون یعنی ہائی بلڈ پریشر کی وجہ سے دل کے امراض ، ہارٹ اٹیک، شریانوں کے عوارض یا فالج ہونے کے خدشات بڑھ جاتے ہیں ، اس لیے اسے کنٹرول میں رکھنا ضروری ہوتاہے۔ ایک تحقیق کے مطابق دارچینی بلڈ پریشر کی سطح کو نارمل رکھنے میں مدد کرتی ہے۔ خاص طور پر ذیا بطیس میں مبتلا افراد کیلئے یہ بلڈ پریشر کم کرنے والے ایک اور جزو میگنیشیم کے ساتھ مل کر مؤثر طریقے سے کام کرتی ہے۔ جدید تحقیق کے مطابق اگر آپ روزانہ 120ملی گرام دارچینی استعمال کررہے ہیں تو اس سے اچھے کولیسٹرول کی سطح بڑھ جاتی ہے اور نقصان دہ کولیسٹرول کی سطح کم ہو جاتی ہے۔
دارچینی اور شہد کا استعمال
شہد اور دار چینی ملانے سے ایک بہترین نسخہ بنتاہے ،جو کئی امراض کیلئے اکثیر ہے۔ انسان کے لیے قدرت نے شہدمیں شفا رکھی ہے،اس لئے جب اسے دارچینی کے ساتھ ملایا جاتاہے تو دونوں کی افادیت مزید بڑھ جاتی ہے۔ تاہم شوگر مریض ڈاکٹر کی ہدایات کے مطابق اس کا استعمال کریں۔ شہد اور دارچینی کے فوائد کچھ یوں ہیں :
٭ دارچینی میں موجود ایسینشل آئل شہد کے ساتھ ملا کر ہائیڈروجن آکسائیڈ بناتاہے جو جسم میں جراثیم یا فنگس بڑھنے سے روکتا ہے۔
٭ بلڈ پریشر اور کولیسٹرول کے مریضوں کیلئے شہد اور دارچینی بے حد مفید ہیں۔شہد کا ایک چھوٹا چمچ لے کر اس میں چھوٹا چمچ دارچینی پائوڈ ر ملادیں اور اس مرکب کو آدھے گلاس پانی میں گھول کر پی جائیں۔ ا س سیا?پ کا کولیسٹرول لیول کم رہے گا۔
٭ جو لوگ گنج پن یا بال جھڑ کا شکارہوں تو ان کیلئے بھی یہ ٹوٹکا کام کرسکتاہے۔ ایک چھوٹا چمچ دارچینی اور ایک چھوٹا چمچ شہد کو کو گرم زیتون کے تیل میں ملا لیں اور پھر اس مرکب کو سر پر لگالیں۔15منٹ بعد بالوں کو شیمپو سے دھولیں۔ اس مرکب کے باقاعدہ استعمال سے بال جھڑنا بند ہوجائیں گے۔
٭ اگر آپ سردی یا کھانسی میں مبتلا ہیں تو ایک بڑا چمچ شہد نیم گرم پانی میں ایک چوتھائی چمچ دارچینی پائوڈر کیساتھ ملا لیں۔ اس آمیزے کو تین دن تک مسلسل استعمال کریں، اس سے آپ کی کھانسی بھی ٹھیک ہو جائے گی اور سائینس کا مسئلہ بھی دور ہوجائے گا۔
دماغی امراض میں مؤثر
دماغ کے خلیے جب متاثر ہوتے ہیں یا وہ کام کرنا چھوڑ دیتے ہیں تو دماغی امرض لاحق ہونے لگتے ہیں، الزائمر اور پارکنسن اس کی دو عام اقسام ہیں۔ ایک طبی میگزین ایڈوانسز ان ایکسپیریمنٹل اینڈ میڈیسن بائیولوجی میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق دارچینی کا استعمال دماغی خلیوں کی ٹوٹ پھوٹ اور دماغ کو نقصان دہ کیمیکلز کے اثرات سے بچانے میں مدد گار ثابت ہوتاہے۔
جراثیم کش مسالہ
دارچینی میں ایک مرکب cinnamealdehydeہوتاہے، جو جراثیم کے خاتمے کیلئے کام کرتاہے یعنی دار چینی پکائے گئے کھانوں کو قدرتی طور پر محفوظ رکھنے میں پریزرویٹو(Preservative) کا کام بھی انجام دیتی ہے۔ اس سے آپ کے پسندیدہ کھانے زیادہ دیر تک قابل استعمال رہتے ہیں۔