نئی دلی //وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس ہمارے لوگوں کے صبر اور درد برداشت کرنے کی قوت کا امتحان لے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طوفان نے پوری ملک کو ہلاکر رکھ دیا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ پہلی لہر کو کامیابی سے شکست دینے کے بعد ملک پر اعتماد تھا ۔’من کی بات ‘پروگرام کے دوران ڈاکٹروں، نرسوں اور فرنٹ لائن ورکروںنے بیماری سے لڑنے کے اپنے تجربات سے وزیر اعظم کو آگاہ کیا ۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے اُمید ظاہر کی ہے کہ ملک جلد دوسری لہر کو بھی شکست دینے میں کامیاب ہوگا۔ وزیر اعظم کا 30منٹ کا پورا پروگرام عالمی وباء پر مرکوز تھا جو ملک میں لوگوں کو کافی تیزی سے اپنا نشانہ بنا رہا ہے۔ وزیر اعظم نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ کورونا مخالف ٹیکہ کاری میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اورافواہوں سے ہوشیار رہیں۔انہوں نے کہا کہ مرکزی سرکار 45سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کیلئے مفت ویکسین دینے کا پروگرام جاری رکھے گا اور تمام ریاستوں کو کورونا وائرس سے لڑنے کیلئے مکمل حمایت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسوقت ہمیں ماہرین اور سائنسی مشوروں پر عمل کرنے کی سخت ضرورت ہے جو ہمیں یہ لڑائی جیتائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف جہاں لوگ اس بیماری سے متاثر ہورہے ہیں تو دوسری جانب ایک بڑی تعداد میں لوگ اس سے صحتیاب بھی ہورہے ہیں۔
صبر اور درد برداشت کرنے کا امتحان | سائنسی مشوروں پر عمل کرنے کی ضرورت: مودی
