صبح 9سے 11بجے تک مسافر گاڑیوں کی عدم دستیابی

گاندربل//شالہ بگ گاندربل میں صبح 9 بجے سے لیکر گیارہ بجے تک مسافر گاڑیوں کی عدم دستیابی پر مقامی لوگوں میں شدید غم و غصہ اور ناراضگی پائی جارہی ہے۔شالہ بگ گاندربل سے 8 کلومیٹر دور واقع ہے جہاں سے سینکڑوں طالب علم،سرکاری ملازمین اور تجارت پیشہ افراد روزانہ کالج،ہائر سیکنڈری سکول ، دفاتراور کاروباری مراکز کی جانب نکلتے ہیں لیکن مسافر گاڑیوں کی سہولیات وقت پر میسر نہ ہونے سے گھنٹوں ضائع ہوجاتے ہیں۔مقامی آبادی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ صبح 9 بجے سے گیارہ بجے تک مسافر گاڑیوں کی قلت رہتی ہے جس کی وجہ سے طالب علموں کو زیادہ پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کی عدم فراہمی کے مسئلے کی جانب کئی بار اسسٹنٹ ریجینل ٹرانسپورٹ آفیسر گاندربل اور ضلع انتظامیہ گاندربل کی توجہ مرکوز کی گئی لیکن کوئی سدباب نہیں ہوا۔اس ضمن میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر گاندربل سید شاہنواز حسین نے کہا کہ اے آر ٹی او گاندربل کو شالہ بگ اور ڑھندنہ میں ٹرانسپورٹ سہولیات فراہم کرنے کی تاکید کی جائے گی ۔