سرینگر//صدرِ جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے عوام، خصوصاً اصحاب ثروت سے اپیل کی ہے کہ وہ موجودہ پریشان کُن حالات کے پیش نظر غریب و نادار افراد کی مدد کیلئے آگے آئیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمگیر وباء کورونا وائرس کی وجہ سے مسلسل لاک ڈائون کے نتیجے میں اقتصادی مار جھیل رہے اہل کشمیر پر ایک اور مصیبت ٹوٹ پڑی ہے اور ایسے میں ہم پر فرض بنتا ہے کہ مزدوروں، غریبوں، ناداروں، مفلوک الحال اور سفید پوش کنبوں کی مدد کیلئے پیش پیش رہیں۔ فاروق عبداللہ نے کہا کہ کشمیریوں نے وقت وقت پر ناگہانی اور سماوی آفات کے علاوہ مصیبت کی گھڑیوں میں ایک دوسرے کی مدد کی ہے ۔ اُن کا کہنا تھا کہ 2016کے بعد مسلسل نامساعد حالات اور پھر 5اگست کے بعد جموں وکشمیر کے عوام کی اقتصادی حالت بہت زیادہ بگڑ گئی ہے۔ اس دوران خط افلاس نے نیچے زندگی بسر کرنے والوں کی تعداد میں بہت زیادہ اضافہ ہواہے ۔ موجودہ حالات میں ہم پر فرض بنتا ہے کہ ہم ایسے لوگوں کی مدد کیلئے پیش پیش رہیں، جو نان شبینہ کے محتاج بن گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قرآن اور احادیث مبارک کے ذریعے بھی ہمیں غربا کی مدد کی ترغیب دی ہے۔ فاروق عبداللہ نے پارٹی کے سابق اراکین پارلیمان، سابق وزراء، سابق ممبرانِ قانون سازیہ ، لیڈران، عہدیداروں اور کارکنوں کو ہدایت دی کہ وہ لوگوں کی مدد میں آگے آگے رہیں ۔
’صاحبِ ثروت مفلوک الحال کنبوں کی مدد کریں‘
