شیڈول کاسٹ، شیڈول ٹرائب اور بیک ورڈ کلاسز ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے کام کاج کا جائیزہ

سرینگر //سیکرٹری سماجی بہبود فاروق احمد لون نے  شیڈول کاسٹ، شیڈول ٹرائب اینڈ بیکورڈ کلاسز ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے افسران کی ایک میٹنگ طلب کر کے کارپوریشن کی مجموعی کارکردگی کا جائیزہ لیا۔میٹنگ میں کارپوریشن کے بنیادی اہداف اور سماجی بہبود سکیموں کی عمل آوری پر تفصیلی سے تبادلہ خیال کیا گیا۔میٹنگ میں درج فہرست اور دیگر قبائل کے علاوہ قومی اقلیتوں، صفائی کرمچاریوں اور معذور افراد کی بہبود کے لئے کئے جارہے اقدامات کا بھی جائیزہ لیا گیا۔اس کے علاوہ مستحق افراد کے لئے خود روز گار مواقعے پیدا کرنے کے معاملات پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر آر کے بھٹ نے کارپوریشن کی حصولیابیوںپر تفصیلی جانکاری دی۔ انہوں نے کہا کہ کارپوریشن نے قرضوں کی وصولیابی کے عمل میں کافی بہتری درج کی ہے اور جولائی ۔ ستمبر2018 کی سہ ماہی کے دوران فراہم کئے گئے قرضوں کے سلسلے میں4.30 کروڑ روپے کی رقم وصول کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ کارپوریشن نے ستمبر2018 کے آخر تک444 مستحقین میں8.78 کروڑ روپے بطور قرضہ تقسیم کئے ہیں جبکہ2018-19 کے لئے8 کروڑ روپے تقسیم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ڈاکٹر فاروق احمد لون نے کارپوریشن انتظامیہ کی کارکردگی کی سراہنا کرتے ہوئے ادارے میں مستحقین کے لئے ایک مناسب ماحول قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا تا کہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد ان سے استفادہ حاصل کرسکیں۔سیکرٹری موصوف نے کارپوریشن کی سکیموں کے بارے میں لوگوں کو وسیع پیمانے پر جانکاری کی اہمیت کو بھی اُجاگر کیا۔ انہوں نے منیجنگ ڈائریکٹر کو اہداف کے حصول کو یقینی بنانے کی بھی تلقین کی۔میٹنگ میں کارپوریشن کے ایف اے/ سی اے او غلام قادر کھٹانہ، جنرل منیجر ارشد مجید بٹ، ڈویثرنل منیجر محمد اقبال کٹاریہ،ڈپٹی جنرل منیجر کستوری لال بھگت اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔