سرینگر//کشمیری پنڈتوں کے محبوب تہوار’ہیرتھ‘ کی چار روزہ روایتی تقریبات کے دوسرے روز بچوں اور عورتوں میں نقدی تقسیم کی گئیں جسے سلام کہتے ہیں۔ منگل کی شام کو جہاں اس تہوار کی مناسبت سے پنڈت گھرانوں میں خصوصی ’وٹک پوجا‘ کی گئی ،وہیں بدھ کو تہوار کے دوسرے دن بچوں اور عورتوں میں نقدی تقسیم کی گئی جسے سلام کہتے ہیں۔ کنبے کے سربراہوں نے بچوں اور کنبے کے جونیئر اراکین میں جیب خرچی تقسیم کی جس کو کشمیری میں’ہیرژ خرچ‘ کہتے ہیں۔کشمیری پنڈت برادری اس تہوار کی تقریبات کا آغاز خصوصی پوجا جو کشمیری پنڈتوں کے ہاں’وٹک پوجا‘ کے نام سے جانی جاتی ہے، سے کرتی ہے جس کے لئے مخصوص قسم کے برتنوں اور خشک پھلوں کا استعمال کیا جاتا ہے۔ اس خصوصی پوجا کا اہتمام کشمیری پنڈت اپنے گھروں میں ہی کرتے ہیںتاہم وادی میں منگل کی شام اور بدھ کو پنڈت برادی سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے شنکراچاریہ سمیت وادی کے دیگر مندروں میںخصوصی پوجا پارٹ میں حصہ لیا ۔اس موقع پر صوبائی کمشنر کشمیر پی کے پولے بھی شنکراچاریہ مندر میں عقیدت مندوں کے ساتھ شامل ہوئے اورانہوں نے مہاشیو راتری(ہیرتھ) کے موقع پریہاں جمع ہوئے لوگوں کو مبارکباد دی۔سب سے بڑا اجتماع شنکراچاریہ مندر میںہواجہاں بڑی تعدادمیںمقامی پنڈت برادری کے لوگوں نے پوجا کی ۔شنکرآچاریہ مندرمیں لنگرکااہتمام بھی کیاگیاتھا ۔ادھر بارہمولہ ، بڈگام ،گاندربل،اننت ناگ،مٹن،پلوامہ اور دیگر اضلاع سے بھی ہیرتھ کی تقاریب کے اہتمام کی خبریں موصول ہوئیںاور بدھ کو وہاں بچوں میں جیب خرچی تقسیم کی گئی ۔کولگام ،بانڈی اور دیارنامی علاقوں میں رہنے والے ہندئوں نے لگامہ مندر میں پوجا پاٹ کا اہتما م کیا۔بارہمولہ قصبہ میں واقع مندراور شلپتری مندر خانپورہ میں علی الصبح خصوصی تقاریب منعقد ہوئیں جن میں قصبے میں مقیم کشمیری پنڈتوں کی ایک بڑی تعداد نے حصہ لیا۔مورن پلوامہ، بڈگام اور نکس پلوامہ ،مٹن،اننت ناگ، کھیر بھوانی ،قاضی گنڈ اوردیگر مقامات میں بھی پوجا پاٹ کا اہتمام کیاگیا۔ ادھر جموں کے مختلف علاقوں میں قائم کشمیری پنڈتوں کے کیمپوں اور بستیوں میں بھی مہا شیوراتری کا تہوار جوش و خروش کے ساتھ منائے جانے کی اطلاع موصول ہوئی ہیں جہاں وادی کے مختلف علاقوں سے آئے مسلمانوں نے اپنے پرانے پڑوسیوں اور دوستوں کے پاس جاکر انہیں مبارکباد پیش کی۔ جموں شہر میں خاصی چہل پہل اور گہما گہمی تھی جبکہ جموں شہر کے تمام مندروں جن میں زیادہ تر شو مندر شامل ہیں میں ہندئو فرقے سے وابستہ لوگوں نے خصوصی پوجا پاٹ کی۔ جموں میں مقیم ایک کشمیری پنڈت ٹی این تفجی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جموں اور کشمیر کے مندروں اور گھروں میں منگل کو رات بھر پوجا پاٹ کی گئی اور بدھ کی صبح برادری کے لوگوں نے لوگوں کو اس موقعہ پر مبارکباد اور سلام پیش کی جبکہ بچوں میں جیب خرچی بھی تقسیم کی گئی ۔انہوں نے کہا کہ دن پھر انہیں مسلمان بھائیوں کی طرف سے سوشل میڈیا اور فون کے ذریعے مبارکباد پیش کی گئی ۔انہوں نے کہا کہ کشمیر میں صدیوں سے وٹک پوجا ہو رہی ہے اور اس دن کو مسلمان ہندئوں کے ساتھ مل کر مناتے ہیں ۔مہا شیواراتری، ملک بھر میں سب سے زیادہ شاندار طریقے سے منائے جانے والے تہواروں میں سے ایک ہے۔یہ بھگوان شیو کی عظیم الشان شادی کا جشن منایا جاتا ہے۔ زرخیزی، محبت اور خوبصورتی کی دیوی پاروتی کے ساتھ، جسے شکتی کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔اس مبارک دن پر، بھگوان شیو کے پیروکار اور عقیدت مندبرت رکھتے ہیں اور دنیا بھر کے متعدد مندروں میں خصوصی پوجا کی جاتی ہے۔
شیوراتری کو جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا
