شیعہ و سنی کارڈنیشن کمیٹی اجلاس

سرینگر//شیعہ و سنی کارڈنیشن کمیٹی کا ایک اہم اجلاس یہاں منعقد ہوا جس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ محرم الحرام کے متبرک ایام میں آپسی بھائی چارہ کو ہر صورت برقرار رکھنے کیلئے سبھی مزاحمتی، مذہبی اور سماجی تنظیمیں اپنا اپنا کردار ادا کریں۔اتحاد المسلمین سربراہ و سینئر مزاحمتی لیڈر مولانا مسرور عباس انصاری کی صدارت میں میٹنگ میں مختلف شیعہ و سنی مذہبی جماعتوں نے محرم الحرام کے متبرک ایام کی فضیلت اور کربلا کی اہمیت کو اجاگر کیا۔اجلاس میں شیعہ و سنی کارڈنیشن کمیٹی کے رکن اور لبریشن فرنٹ سربراہ محمد یاسین ملک نے کہا کہ محرم الحرام کے ایام کے دوران دشمنوں کی ہمیشہ یہ کوشش رہتی ہے کہ کسی نہ کسی طریقے سے آپسی اتحاد کو پارہ پارہ کیا جائے ،لیکن معزز قائدین کی کاوشوں سے آج تک دشمن کی یہ تمام کوششیںناکام ثابت ہوچکی ہیں۔انہوں نے کہا کہ معرکہ کربلا حق و باطل کے درمیان جنگ تھا جہاں تک کشمیری قوم کا تعلق ہے وہ ہمیشہ حق کے طرفدار رہے ہیں اور تاحال حاضر باطل کو ٹھکراتے آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر تحریک کربلا کی ایک کرن ہے ہمارے شہداء بھی حق کے خاطر قربانیاں پیش کررہے ہیں۔یاسین ملک نے کہا کہ مولانا محمد عباس انصاری ہمارے اتحاد کی علامت ہے جنہوں نے ہمیشہ ملت کے اتحاد و اتفاق کیلئے بے لوث خدمات انجام دئے۔یاسین ملک نے کہا کہ تحریکی تنظیموں نے یہ تہیہ کرلیا ہے کہ ہم سب محرم الحرام کے جلوسوں میں شرکت کرکے باہمی اتحاد و اتفاق کو یقینی بنائیں گے اورہاتھ سے ہاتھ ملا کر دشمن اور مفاد پرست عناصر کی تمام کاوشوں کو ناکام بنادیں گے۔کارڈنیشن کمیٹی کے اجلاس میں مسلم کانفرنس کے نمائندہ نے کہا کہ کربلا کا معرکہ حق و باطل کا معرکہ ہے اور کشمیر میں بھی حق و باطل کی لڑائی ہے اسلئے باہمی اتحاد و اتفاق کے ساتھ یادشہدائے کربلا کی یاد منانا ان کے تئیں بہترین خراج عقیدت ہے۔صدارتی خطاب میںمولانا مسرور عباس انصاری نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس اجلاس کا مقصد یہ ہے کہ ہم سب ملکر احساس ذمہ داری قبول کرتے ہوئے محرم الحرام کے دوران قوم و ملت کو عملی طور پر یہ بتائیں گے کہ ہم مختلف مسالک کے ساتھ وابستہ ہوتے ہوئے بھی ملت واحدہ ہیں۔اور ہم یہ ثابت کریں گے کہ اس قوم میں نہ کھبی تفرقہ تھا نہ ہے اور نہ کھبی ہوگا۔اجلاس میں مولانا شمس الرحمان، جاوید احمد میر، ہلال احمد وار، مشتاق احمد صوفی،جعفر کشمیری  غلام نبی نجار،محمد اشرف،نمائندہ مسجد سید محمد ہمدانی،نمائندہ انجمن حسینی خانیار،نمائندہ انتظامیہ کمیٹی شمسواری،مولانا غلام مصطفیٰ فاطمی مجمع اسلامی کشمیر اور عبد المجید وانی اور مولانا ؎خورثید احمد قانونگو نے بھی اتحاد و اتفاق کے حوالے سے اپنے اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔