محمد تسکین
بانہال// جموں سرینگر قومی شاہراہ پر شیر بی بی کے علاقے میں کشتواڑی پتھر کے پاس اتوار کی شام چھ بجے سڑک کا ایک حصہ ڈھہ گیاجس سے گاڑیوں کی آمدورفت مکمل طور پر معطل ہوگئی۔کم از کم 7 گھنٹوں کے بعد یکطرفہ طور گاڑیوں کی آمد و رفت دوبارہ بحال کی گئی ہے۔ ٹریفک کی نقل و حرکت رات ساڑھے12 بجے تک معطل رہی۔ ڈی ایس پی ٹریفک بانہال محمد اصغر ملک نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ کشتواڑی پتھر کے پاس سڑک کا ایک حصہ نالہ بشلڑی میں گر گیا۔شاہراہ کو ٹریفک کے قابل بنانے کیلئے تعمیراتی کمپنی کی مشینری اور افرادی قوت کوکام پر لگایا گیا۔انہوں نے کہا کہ اتوار شام سے آدھی رات تک ٹریفک معطل رہا اور شاہراہ کی بحالی کے بعد پسی کے دونوں طرف درماندہ ٹریفک کو ہی چلنے کی اجازت دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پیر کی صبح سے جموں ، نگروٹہ ، ادہمپور اور قاضی گنڈ سے معمول کے ٹریفک کو بحال کیا گیا تاہم شیر بی بی کے متاثرہ مقام پر سڑک ابھی بھی صرف یکطرفہ ٹریفک کے قابل ہے۔