بارہمولہ// ضلع بارہمولہ کے شیری ناروائو علاقے میں بر قی رو کی عدم دستیابی سے عوام کو گونا گو ں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے تاہم محکمہ کے افسران کی نوٹس میں شکایات لانے اور کئی بار احتجاج کرنے کے باوجود بھی بجلی کی صورتحال میں بہتری نہیں لائی جاتی جس سے عوام میں محکمہ کے خلاف زبردست غم و غصہ پایا جارہا ہے ۔شیری بارہمولہ کے صارفین اور تاجروں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ علاقے میں گزشتہ کئی ہفتوں سے بجلی آتے ہی چلی جاتی ہے جس کے نتیجے میں عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ اس بارے میں کئی بار احتجاج بھی کیا گیا لیکن محکمہ کے افسران نے آج تک صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے کارگر اقدامات نہیں کئے بلکہ وہ ٹس سے مس نہیں ہورہے ہیں جس کے نتیجے میں عوام میں محکمہ کے خلاف زبردست غم و غصہ پایا جارہا ہے کیونکہ عوامی لوگوں کے مطابق علاقے میں بجلی کٹوتی کا کوئی شیڈول نہیں ہے اور کسی کو یہ معلوم نہیں کہ بجلی کب آئے گی اور کب چلی جائے گی ۔ کئی ذی عزت شہریوں نے کہا کہ اگرچہ وہ باقاعدگی کے ساتھ بجلی فیس بھی ادا کر رہے ہیں لیکن اس کے باوجود ان علاقوں میں بجلی کی عدم دستیابی کے سبب مقامی لوگو ں کے علاوہ تاجروں کو بھی مشکلات سے دو چار ہونا پڑتا ہے ۔ مقامی لوگوں نے مزید کہا کہ اگرچہ میٹر نصب کرنے کے وقت ان کے ساتھ یہ وعدہ کیا گیا تھا کہ انہیں 24گھنٹے بجلی سپلائی مہیا رکھی جائے گی لیکن اس وعدے پر عمل نہیں کیا گیا اور لوگوں کو احتجاج کرنے پر مجبور کیا جارہا ہے ۔صارفین نے لیفٹینٹ گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ علاقہ میں بجلی سپلائی میں فوری طور پر بہتری لائی جائے بصورت دیگر لوگ سرینگر مظفرآباد شاہرہ پر دھرنا دینے پرمجبورہوںگے جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ محکمہ پر عائد ہوگی۔
واگورہ میں اضافی بجلی بلوں کیخلاف احتجاج
بارہمولہ / فیاض بخاری// شراکوارہ واگورہ کے لوگوں نے بدھوار کو اضافی بجلی بلیں موصول ہونے کے خلاف واگورہ پوت کھاہ سڑک پراحتجاجی دھرنا دیا جس کے نتیجے میں ٹریفک کے نقل وحمل میں خلل پڑا۔احتجاجی لوگوں نے محکمہ بجلی کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ علاقہ میں بجلی کی سپلائی میں بے قاعدگی کے باوجودانہیں اضافی بجلی بلیں موصول ہورہی ہیں۔انہوں نے الزام لگایا کہ علاقے میں بجلی کی بلا جوازکٹوتی کی جارہی ہے اور متعلقہ محکمہ علاقہ کو بجلی کی سپلائی شیڈول کے مطابق فراہم نہیں کررہا ہے جس کی وجہ سے مقامی آبادی کوسخت سردیوں کے اِن ایام میں شدید مشکلات درپیش ہیں۔اس دوران اسسٹنٹ ایگزیکٹوانجینئرمحکمہ بجلی،تحصیلدارواگورہ،بلاک ڈیولپمنٹ افسر موقعہ پرپہنچ گئے اورانہوں نے احتجاجی لوگوں کو یقین دلایا کہ ان کی شکایات کو متعلقہ اعلیٰ حکام تک پہنچایا جائے گا جس کے بعد احتجاجی پرامن طور منتشر ہوگئے۔