شیرکشمیرزرعی یونیورسٹی کی دوطالبات اٹلی میں فیلوشپ کیلئے منتخب

سری نگر//شیرکشمیرزرعی یونیورسٹی  کے دو طلباء کو اٹلی کی پڈووا یونیورسٹی میں ایراسمس پلس فیلوشپ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔فیلوشپ کے تحت، زرعی یونیورسٹی کے ڈویڑن آف پلانٹ بائیو ٹیکنالوجی کے طلباء  پلانٹ پروٹومکس اور میٹابولومکس کے شعبے میں جدید تربیت حاصل کریں گے۔ یہ پروگرام Erasmus+ پروگرام کے تحت زرعی یونیورسٹی کشمیر اور یونیورسٹی آف پاڈووا، اٹلی کے درمیان طالب علموں کے اشتراک کاحصہ ہے۔ عمارہ حامی اور مدیحہ منظور نامی طالبات، جو فی الحال ڈویڑن آف پلانٹ بائیوٹیکنالوجی، شالیمار میں پی ایچ ڈی بائیو ٹیکنالوجی کر رہی ہیں، اٹلی کی پاڈووا یونیورسٹی میں چھ ماہ گزاریں گی۔ڈاکٹر سجاد مجید زرگر، ڈویڑن آف پلانٹ بائیوٹیکنالوجی میں اسسٹنٹ پروفیسر Erasmus+ پروگرام کے کوآرڈینیٹر ہیں جس کے تحت فیکلٹی اور طالب علم پروٹومکس/میٹابولومکس کے شعبوں میں اعلی درجے کی صلاحیت سازی کے لیے پڈووا یونیورسٹی، اٹلی میں شرکت کر سکتے ہیں۔ اس پروگرام کے تحت، ایک فیکلٹی ممبر اور ایک طالب علم پہلے ہی یونیورسٹی آف پاڈووا اٹلی میں تربیت حاصل کر چکے ہیں۔ امیدواروں کا انتخاب دونوں اداروں کی مشترکہ سلیکشن کمیٹی کرتی ہے۔وائس چانسلرزرعی یونیورسٹی پروفیسر نذیر احمد گنائی نے پروگرام کے کوآرڈینیٹر، ڈاکٹر سجاد مجید زرگر کو اس مشترکہ اقدام کے لیے سراہا جو یونیورسٹی کے بین الاقوامی نقطہ نظر کو بہتر بناتا ہے اور طالب علموں کو عالمی سیکھنے اور اختراعی ماحولیاتی نظام سے فائدہ اٹھانے میں مدد کرتا ہے۔