شیخ مُصطفیٰ کمال نے لکھوترہ کو سالگرہ پر خراج ادا کیا

 جموں// نیشنل کانفرنس کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹریڈاکٹر شیخ مصُطفٰی کمال نے پارٹی کے ریاستی سیکرٹری رتن لعل گپتا ،صوبائی سیکرٹری پردیپ بالی اور سیاسی صلاح کار محمد فاروق مغل کے ہمراہ سابقہ ایم ایل اے و پارٹی کے سابقہ ضلع صدر مرحوم ست پال لکھوترہ کو انکی سالگرہ پر شاندار خراج عقیدت ادا کیا۔مرحوم کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے ڈاکٹر کمال نے کہا کہ مرحوم نیشنل کانفرنس کے لئے بے لوث خدمت کے مجسمہ تھے اور آخری دم تک لوگوں کی خدمت کی۔انہوںنے کہا کہ ان کے موت سے پارٹی میں ایک خلا پیدا ہوا ،جسے اسکے اہل خانہ پورا کرسکتے ہیں اگر کیمونٹی ایسا چاہتی ہے اور پارٹی اس فیصلہ کا خوش آمدید کرے گی۔انہوںنے اجتماع سے بٹل طبقہ کی بھلائی کیلئے متحد رہنے کی اپیل کی۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے طبقوں کے درمیان دیوار منہدم کرنے میں خوشی کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اب ذات وپات کی نفرت ایک ماضی بن گیا ہے ،جس سے زیادہ فائدہ ایس ٹی/ایس سی طبقہ کو ہوا ہے،جس کا سہرہ نیشنل کانفرنس کوجاتا ہے۔ ریاستی سیکرٹری رتن لعل گپتا نے اپنے خطاب میں کہا کہ انہیں ست پال لکھوترہ کی جانب سے نیشنل کانفرنس کی خدمت پر فخر ہے اور بٹل طبقہ کو مرحوم کا جانشین پیش کرنے کی صلاح دی ،تاکہ پارٹی لیڈرشپ کوئی فیصلہ لے سکے۔انہوں نے کہا کہ ایس سی ویلفئیر بورڈ بنانے کا سہرہ ڈاکٹر فاروق کی قیادت میں این سی کو جا رہا ہے،جنھوں نے طبقہ کی بھلائی کے لئے بورڈ کی تشکیل دی۔