شہید گنج میں محکمہ خوراک کی مرمت شدہ عمارت کا اِفتتاح

 سرینگر// خوراک، شہری رسدات اور امور صارفین کے وزیر چوہدری ذوالفقار علی نے کل شہید گنج میں قائم از سرنو مرمت شدہ محکمہ خوراک کی عمارت کا افتتاح کیا۔جے اینڈ کے ہاؤسنگ بورڈ کے حکام نے وزیر کو مطلع کیا کہ پہلے مرحلے میں عمارت کے پُرانے چھت کی جگہ نیا رنگین چھت لگایا گیا۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ عمارت کی روائتی رونق کو قائم رکھنے کے لئے چونے اور سرخی کا مواد عمارت کی تعمیر پر استعمال کیا گیا۔وزیر نے عمارت کے پورچ کے لئے روائتی دیوری پتھروں کے استعمال پر اطمینان کا اظہار کیا۔ پروجیکٹ کے دوسرے مرحلے میں جس میں ٹائل لگانے کا کام شروع کیا گیا ہے، سرعت سے جاری ہے۔ اس کے علاوہ ڈائریکٹوریٹ کے احاطے میں ایک پارک تعمیر کی گئی۔ آگ سے بچاؤ کے آلات بھی دوسرے مرحلے میں نصب کئے جائیں گے۔چوہدری ذوالفقار علی نے اب تک مکمل کئے گئے کام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ خوراک کی عمارت کی مرمت عمل میں لانے کا مقصد تمدنی وراثت کو محفوظ رکھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سال1930 میں تعمیر شدہ عمارت نئی  نسل کے لئے ایک قیمتی اثاثہ ہے۔بعد میں وزیر نے محکمہ کے ملازمین کے لیڈروں سے بات چیت کی۔محکمہ خوراک کے سربراہ نثار احمد وانی اور دیگر سنیئر افسران بھی وزیر موصوف کے ہمراہ تھے۔